امریکہ ایران جنگ پراب تک 29 ارب ڈالر خرچ کر چکاہے: پینٹاگون کا دعویٰ

0
11

واشنگٹن (پاکستان نیوز) پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف جنگ پر اب تک 29 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔ یہ رقم گزشتہ ماہ بتائی گئی رقم سے 4 ارب ڈالر زیادہ ہے، اس میں آپریشنل سمیت دیگر ہونے والے اخراجات شامل کئے گئے ہیں۔ کانگریس کی دفاعی کمیٹی کے روبرو پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر جولز ہرسٹ سوم نے بتایا کہ 29 اپریل کو دی گئی بریفنگ میں جنگی اخراجات کا تخمینہ 25 ارب ڈالر تھا تاہم تازہ ترین جائزوں کے بعد یہ رقم بڑھ کر تقریباً 29 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ جوائنٹ سٹاف اور کمپٹرولر ٹیم مسلسل اخراجات کا تخمینہ لگا رہی ہے۔ پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر کے بقول اخراجات میں اضافے کی بڑی وجوہات میں تباہ یا متاثر ہونے والے فوجی سازوسامان کی مرمت و تبدیلی، خطے میں امریکی افواج کی مسلسل موجودگی اور آپریشنل سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات شامل ہیں۔ کانگریس کے کئی ارکان نے جنگی اخراجات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا امریکہ طویل عرصے تک اتنی بڑی مالی لاگت برداشت کرسکتا ہے یا نہیں۔ بعض ڈیموکریٹ اور ریپبلکن قانون سازوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کو جنگ کے حقیقی مالی اثرات سے آگاہ کیا جانا چاہئے۔ معاشی ماہرین کے مطابق بھی اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی تو امریکی دفاعی بجٹ پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے جبکہ عالمی تیل قیمتوں میں اضافے اور فوجی اخراجات کے باعث امریکی معیشت کو بھی نئے چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here