اسلام آباد / لاہور:
مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تقریرپرردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے بڑے سفارتی فورم پر موثر انداز میں پہنچائی، وزیراعظم کی تقریر جاندار تھی، ہمیں عمران خان پر فخر ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کردیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے،دنیا کو مظلومان کشمیر کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب کردیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ہم امن اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو پیغام دیا کہ حق والے باطل کے سامنے نہیں جھکتے۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہاکہ پوری قوم کو وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر فخر ہے، عمران خان نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، آج کشمیری بھائیوں کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ ہم ہر صورت ان کے ساتھ کھڑے ہیں اورکشمیر کے حق کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریرمسلم عالمی رہنما کی تقریر تھی، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اقوام متحدہ سے خطاب انتہائی مدبرانہ اور دوٹوک ہے،عمران خان نے کشمیریوں کی آواز بننے کا وعدہ ہر لحاظ سے پورا کر دیا ہے۔
پاکستان کے دو سابق وزراء خارجہ خورشید قصوری اور حناربانی کھر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورم پر بھرپورنمائندگی کی ہے۔خورشید قصوری نے کہاکہ وزیراعظم نے ایک غیرمعمولی تقریر کرکے سب کو حیران کردیاہے اور حیرانگی کی بات تو یہ ہے کہ انہوں نے یہ تقریر فی البدیہہ کی اور تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا۔
حناربانی کھر نے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ کے فورم پر ایسے بولے جیسا کہ بولنا چاہئیے تھا، دہشت گردی کیخلاف ان کی تقریر بہت اچھی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب مشاہد حسین سید بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے ، وزیر اعظم کی تقریر ایک حقیقی پاکستانی کی تقریراور یہ وقت کی ضرورت تھی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر سمیت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو عوامی مقامات پر براہ راست دکھانے کے انتظامات کئے گئے، سپر مارکیٹ میں فردوس عاشق اعوان، علی نواز اعوان اور جواد احمد نے شہریوں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کاخطاب براہ راست سنا۔ مظفرآباد اور گلگت بلتستان میں خطاب براہ راست دکھایاگیا۔