کراچی:
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 306 رنز کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 46 عشایہ 5 اوورز میں 238 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے لنکن بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی، پیسرز نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے صرف 28 رنز پر مہمان ٹیم کے 5 مستند بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ اوپنر گناتھلاکا 14، سمراوکراما 6، ویا فرنینڈو صفر، بوپ فرنینڈو 1 اور کپتان تھریمانے بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے۔
آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد چھٹی وکٹ پر جےسوریا اور شاناکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا اور 177 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا، دونوں کھلاڑیوں نے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نصف سنچریاں بنائیں تاہم 205 کے مجموعے پر جےسوریا نروس نائینٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں ان کے جوڑی دار شاناکا 68 رنز پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ تھما بیٹھے۔
211 کے مجموعی اسکور پر اوڈانا ایک رن بنا کر عثمان شنواری کا شکار بن گئے، سری لنکا کی نویں وکٹ 232 رنز پر کمارا کی صورت میں گری جو وہاب ریاض کی گیند پر ایلبی ڈبلیو قرار پائے جب کہ آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز ہسارانگا ڈی سلوا تھے جو 30 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2، عماد وسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 73 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور فخرزمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 54 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے تاہم بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز کی اننگز 8 رنز تک محدود رہی، عماد وسیم 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور افتخار احمد نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زماں ، امام الحق ، بابراعظم ،حارث سہیل، افتخار احمد ، شاداب خان ، عماد وسیم ، محمد عامر ، وہاب ریاض اور عثمان شنواری شامل ہیں جب کہ آصف علی ،عابد علی، محمد رضوان، محمد نواز اور محمد حسنین کو آج کے میچ میں نہیں کھلایا گیا ہے۔
خیال رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا جب کہ اس سے قبل کراچی میں آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009 میں کھیلا گیا تھا۔