اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیوی کے سامنے شوہر کو کار سے کچلنے کے کیس میں فریقین کو معاملہ حل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔
ہائی کورٹ میں خاوند کو بیوی کے سامنے کار سے کچلنے کے کم عمر ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔
عدالت نے کہا کہ فریقین آئندہ پیر تک معاملے کا حل نکالیں ورنہ عدالت حکم جاری کرے گی، ملزم احمد زبیر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ بھی پیر کو سنایا جائے گا۔
17 ستمبر کو تھانہ سہالہ کی حدود میں 16 سالہ لڑکا احمد زبیر اسلام آباد کے رہائشی علی رشیدکو اس کی بیوی کے سامنے گاڑی سے کچل کرفرار ہو گیا تھا۔
وکیل نے بتایا کہ زخمی علی رشید 17 روز سے کومے میں ہے، اس نے گاڑی رانگ سائیڈ سے آنے کی وجہ سے ملزم احمد زبیر کو سمجھایا تھا جو بغیر لائسنس کے گاڑی چلارہا تھا، ملزم پر اس طرح کی تین ایف آئی آر درج ہیں، بچے نے جان بوجھ کر میرے موکل کو مارا، اس کے اوپر گاڑی چڑھائے رکھی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ بچے نے بغیر لائسنس کے گاڑی کیسے چلائی، بچے کا والد کہاں ہے،اس نے کیسے بچے کو چابی دی؟، کل کو تو اس کو کوئی کلاشنکوف بھی دے دے گا۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ بچے نے غلطی کی ہے اس پر ہم معافی چاہتے ہیں۔
ملزم بچے کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ٹرائل کورٹ نے مسترد کردی ہے۔