ورلڈ کپ کیلیے ندیم خان کو شعیب ملک اور محمد عامر کی کارکردگی پرتشویش

0
350

لاہور:

سابق ٹیسٹ اسپنر و منیجر ملتان سلطانز ندیم خان ورلڈ کپ میں قومی ٹیم سے بہترین کارکردگی کیلیے پُرامید ہیں البتہ وہ سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد عامر کی غیر معیاری کارکردگی پر تشویش میں بھی مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کو خصوصی انٹرویو میں ندیم خان نے کہاکہ میں ورلڈ کپ میں گرین شرٹس سے عمدہ کارکردگی کیلیے پُرامید ہوں، ٹیم کا انگلینڈ میں سابقہ ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے، سینئرز شعیب ملک اور محمد عامر کی کارکردگی پر تشویش ضرور ہے لیکن میں پُرامید ہوں کہ دونوں ورلڈ کپ سے قبل اپنی کھوئی ہوئی فارم حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی خراب کارکردگی پر بات چیت کرتے ہوئے منیجر ندیم خان نے کہاکہ اسٹیون اسمتھ اور نکولس پوران سمیت ٹیم کے 5اہم کھلاڑیوں کے باہر ہونے کی وجہ سے کمبی نیشن بُری طرح متاثر ہوا، اگلے ایڈیشن میں ہم بھرپور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترکر بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

 

انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سطح پر غیر معیاری پچز کی وجہ سے ہمارے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اچھے بیٹسمینوں کے حصول کیلیے بیٹنگ پچزبنانے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال پر ندیم خان نے کہا کہ یونس خان کو ملکی کرکٹ میں شامل کرنے کا بہت زیادہ فائدہ ہوگا، سابق کپتان کو دنیا بھر میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے،ان کے تجربے سے جونیئر کھلاڑی بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ندیم خان نے کہا کہ مختصر انٹرنیشنل کیریئرکے باوجود ویسٹ انڈین اسٹار برائن لارا کی وکٹ لینا اور چنئی ٹیسٹ 1999 کے دوران میری تھرو پر بھارتی عظیم بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کا رن آؤٹ ہونا میرے لیے یادگار لمحات ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here