غزہ:
اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایک پیر سے معذور ہوجانے والے باہمت فلسطینی نوجوانوں کے شوق اور جنون کے آگے معذوری بھی بند نہ باندھ سکی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں ایک پیر سے محروم کھلاڑیوں کی فٹبال ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ ان ٹیموں میں شامل فلسطینی نوجوان اسرائیلی جارحیت سے ایک پیر سے محروم ہوگئے تھے تاہم معذوری نے ان کے حوصلے پست نہیں کیے۔
معذور فٹ بالر کی یورپی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ سمن باکر نے اس ٹورنامنٹ میں شریک 6 ٹیموں کی تربیت کے لیے کئی بار غزہ کا دورہ کیا اور معذوروں کی ٹیموں کے ٹورنامنٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عمل کو سیاست سے بالاتر ہو کر دیکھنے کی استدعا کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ برس مارچ سے اب تک غزہ کی سرحد پر مظاہرہ کرنے والے ساڑھے 6 ہزار فلسطینی نوجوانوں کو نشانہ بنایا جن میں سے 125 نوجوان معذور ہوگئے، معذور ہونے والے نوجوانوں میں اکثریت فٹبال کے شوقین تھے جنہوں نے اپنے شوق کی تکمیل جاری رکھی۔
غزہ کی پٹی کے ایک میدان میں ان باہمت کھلاڑیوں کو لاٹھیوں پر اپنا توازن برقرار رکھتے ہوئے فٹبال کھیلتے دیکھ کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود مداح کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور کھیل کو دیکھ کر انگشت بدنداں رہ گئے۔