کراچی:
معروف اداکار شفقت چیمہ سوشل میڈیا پر بیٹے کے حادثے کی جھوٹی خبروں سے پریشان ہوگئے اور انہوں ںے کارروائی کے لیے ایف آئی اے سے رابطہ کر لیا۔
معروف فلم اسٹار اور ولن کے کرداروں کو نہایت عمدگی سے ادا کرنے والے شفقت چیمہ سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں سے پریشان ہوگئے ہیں۔ فیس بک پر ان کا جعلی اکاؤنٹ بنا کر بہت سے فنکاروں اور لوگوں کو بے وقوف بنایا جارہا ہے جس پر شفقت چیمہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور میں درخواست دے دی جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کا آغاز کر دیا۔
شفقت چیمہ کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھ سے حسد رکھنے والے عناصر بیٹے کے حادثے سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں اور جب سوشل میڈیا پر غلط خبریں چلیں تو لوگ میرے گھر پر پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے بتانے پر بیٹے سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا فون بند جا رہا تھا جس پر میرے پیروں تلے زمین نکل گئی تاہم جب رابطہ ہوا تو دلی سکون پہنچا، لوگ سنی سنائی اور جھوٹی خبروں کو سوشل میڈیا پر ہرگز نہ پھیلائیں۔
شفقت چیمہ نے ایف آئی اے کو بتایا کہ اُن کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بھی بنایا گیا ہے جبکہ ان کا فیس بک اور ٹویٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں، انہوں نے ایف آئی اے سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔