کے ڈی اے میں ٹرانسفر موٹیشن کے فارمز کا ’’قحط‘‘ پڑ گیا

0
85

کراچی:

ادارہ ترقیات کراچی میں جائیداد کی منتقلی، موٹیشن، ٹرانسفر سمیت محکمہ لینڈ سے متعلقہ تمام امور بند ہوکر رہ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹوں کی منتقلی،موٹیشن ،ٹرانسفر ودیگرامور کیلئے استعمال ہونے والے فارم کے ڈی اے کے پاس موجود نہیں جس کی وجہ سے تمام کیسز کی تیاری بند پڑی ہوئی ہے، فارم کی چھپائی کی ذمہ داری میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی ہے تاہم محکمے میں نئے تعینات ڈائریکٹر رئیس تبسم پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ انہوں نے پرنٹنگ پریس ٹھیکیدار سے مک مکا نہ ہونے کے باعث فارم کی چھپائی کا عمل روک رکھا ہے۔

محکمہ لینڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 روپے والا فارم جو کہ پہلے ہی 3ہزار روپے بلیک میں فروخت ہوتا تھا اب 5ہزار روپے میں بھی دستیاب نہیں،کے ڈی اے محکمہ لینڈ میں یومیہ 200 سے زائد ٹرانسفر موٹیشن کے کیسز جمع ہوتے ہیں فارم کی عدم موجودگی کے باعث مذکورہ تمام کیسز پر کام بند ہے جبکہ سینکڑوں شہری سخت اذیت کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں۔

محکمہ ریکوری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ میڈیا کے پاس فارم موجود ہیں لیکن وہ فروخت کیلیے دیے نہیں جارہے،ڈی جی کے ڈی اے اس سلسلے میں فوری نوٹس اور تحقیقات کر کے صورتحال کنٹرول کریں۔

ڈائریکٹر میڈیا رئیس تبسم  نے کہا کہ انھوں نے دوروز قبل فائل متعلقہ افسران کو بھیج دی ہے، پرنٹنگ پریس ٹھیکیدار سے مک مکا کیلیے چھپائی کا عمل روکے جانے کی بھی تردید کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here