کراچی: سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ایک ہائبرڈ گاڑی ڈیوٹی فری درآمد کرنے کی تجویز دیدی گئی۔
ملک میں 2 سال کے دوران ایک لاکھ ڈالر ترسیلات زر بھیجنے والے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو3000 سی سی تک کی ایک ہائبرڈ گاڑی ڈیوٹی فری درآمد کرنے کی تجویز دیدی گئی ہے۔
یہ تجویز انجنیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے سمندرپارمقیم ان پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں دی گئی ہے جو فارن ایکس چینج کارڈ(ایف ای آر سی) ہولڈر ہوں اور انہوں نے دوسالہ مدت کے دوران پاکستان میں کم سے کم 1لاکھ ڈالرکی ترسیلات زر بھیجی ہوں۔
انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے اس تجویز پر مقامی آٹو موٹیومینوفیکچررز اور آٹو موٹیو پارٹس مینوفیکچررز سے رائے طلب کرلی ہیں جو وہ وفاقی وزارت صنعت وپیداوار کے توسط سے وزارت اوورسیز پاکستانیز کو ارسال کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مقامی آٹوموٹیوسیکٹر نے اس تجویز پر مشاورت کیلیے اجلاس طلب کرلیے ہیں۔
مذکورہ تجویز پرجے ایس گلوبل ریسرچ کے تجزیہ کار نے بتایا کہ حکومت زرمبادلہ کی ترسیلات بڑھانے کیلیے نئے اقدامات کررہی ہے، اس اقدام سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی اور سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ جب زرمبادلہ کی آمدبڑھے گی اور ملکی معیشت میں شامل ہوگی تو افراط زرکی شرح میں کمی ہوگی جو شرح سود کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔