کراچی:
امریکی ڈیٹاومیڈیا کمپنی بلوم برگ نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کودنیا کی بہترین کارکردگی کی حامل مارکیٹ قرار دیدیا۔
بلوم برگ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ 3ماہ کے دوران امریکی ڈالرکے تناظر میں مجموعی طورپر36فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے اور اسی بنیاد پر کے ایس ای100انڈیکس دنیا کے دیگرانڈیکسز کی فہرست میں صف اول پرآگیا ہے۔
وفاقی مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے منگل کواپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ساڑھے6سالہ وقفے کے بعد ماہانہ بنیادوں پرپاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نومبر2019 کے دوران انڈیکس میں14اعشاریہ9فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا اور 16اگست2019 سے آج تک انڈیکس میں مجموعی طورپر10500پوائنٹس کا خوش کن اضافہ ہواہے۔
مشیرخزانہ نے اپنے ٹوئٹرپیغام میں کہاہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مضبوط ریلی اور بہترین کارکردگی سرمایہ کاروں کا اعتماد ظاہرکرتی ہے اور اس اعتماد کے پیچھے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ہیں۔
نیکسٹ کیپیٹل کے مینیجنگ ڈائریکٹر مزمل اسلم نے کہا کہ اگست کے وسط سے یکے بعد دیگرے اچھی خبروں کی آمد نے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری جاری رکھنے کی جانب مائل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے تین ماہ میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور سیمنٹ سمیت کئی سیکٹرز کے انفرادی اسٹاک 200 فیصد تک ریکور ہوچکے ہیں۔
ماہرین اسٹاک کاکہناہے کہ اگست2019 میں مارکیٹ انڈیکس28000پوائنٹس کے ساتھ 4سال کی کم ترین سطح پر چلا گیا تھا لیکن اسی مہینے میں حکومت کی جانب سے پاکستان کے آرمی چیف کی مدت میں توسیع کے اعلان سے مارکیٹ میں دوبارہ بہتری رونماہوئی جو نومبر2019 میں آئی ایم ایف ٹیم کی جانب سے پاکستان کے معاشی پالیسیوں اور جاری اصلاحات پر اطمینان کے اظہار، گذشتہ 4سال سے خسارے کے حامل کرنٹ اکاؤنٹ مثبت ہونے، ریونیو وصولیاں اور ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے برقرار رہی جبکہ گذشتہ روز عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی آؤٹ لک ریٹنگ منفی سے مستحکم کیے جانے سے بھی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔