ٹاپ 10 میں شمولیت کیلیے بابراعظم کی کوشش جاری

0
93

دبئی:  آئی سی سی ٹیسٹ  بیٹسمین رینکنگ کے ٹاپ 10میں شمولیت کیلیے بابر اعظم کی کوشش جاری ہے۔

کافی عرصے سے ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہو سکا، مگر اب بابر اعظم قریب پہنچتے جا رہے ہیں، انھوں نے 2 درجے بہتری ملنے پر 13 ویں نمبر پالیا، شان مسعود نے 10 درجے ترقی سے47 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

بیٹنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوگئے، اسٹیون اسمتھ ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے، کین ولیمسن بدستور تیسرے اورپجارا چوتھے نمبر پر رہے۔

پاکستان سے سیریز میں رنز کے انبار لگانے والے آسٹریلوی بیٹسمین وارنر 12 درجے ترقی پاکر پانچویں پوزیشن پر فائز ہوگئے، راہنے کو ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر اکتفا کرنا پڑا، ہیملٹن میں ڈبل سنچری جڑنے  والے انگلش کپتان جوئے روٹ بھی 4 قدم آگے بڑھ کر ساتویں درجے پر پہنچ گئے۔

لبوشین کو 6 درجے بہتری نے آٹھویں پوزیشن دلا دی، نکولس ہنری 3 درجے تنزلی کے بعد نویں اور ڈیموتھ کرونا رتنے 10 ویں نمبر پر ہیں، انھیں بھی 3 درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

بولنگ میں پیٹ کمنز پہلے اور کاگیسو ربادا دوسرے نمبر پر براجمان رہے، جیسن ہولڈر نے ایک درجے ترقی ملنے پر تیسری پوزیشن سنبھال لی، شاہین آفریدی 13 درجے کی چھلانگ لگاکر49 ویں نمبر پر آگئے، ویسٹ انڈین آف اسپنر کورنویل نے 63 درجے ترقی پاکر 47 ویں پوزیشن قبضے میں کرلی، ٹاپ5آل راؤنڈرز میں جیسن ہولڈر، رویندرا جڈیجا، بین اسٹوکس ، ورنون فیلینڈر اور ایشون برقرار ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here