وزیراعظم کا یوم انسانی حقوق پر کشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمے کا مطالبہ

0
113

اسلام آباد:

وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسلمانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ مساوات ، انصاف اور سب کے لئے انسانی حقوق کے تحفظ کا پیغام ہمارے نبی اکرم ﷺ نے 1400 سال قبل دیا تھا، انسانی حقوق اور انسانی وقار کے احترام کے بنیادی اصولوں کا درس اس کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں پیغمبر اکرم ﷺ کے ارشاد کردہ نظریات سے متاثر ہوں خاص طور پر جن کا درس انہوں نے اپنے آخری خطبہ میں دیا تھا اور جو فرائض ہمارے آئین میں درج ہیں، اس حوالے سے میری حکومت اپنے شہریوں کے انسانی حقوق کے بلاامتیاز تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے دن میں عالمی ضمیر سے، بین الاقوامی قانون کے حامیوں اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی حکومت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف ایکشن لے، ہم چار ماہ سے جاری محاصرے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ کشمیری مردوں ، خواتین اور بچوں پر بھارتی فورسز کی زیادتیوں اور مظالم کا خاتمہ کیا جائےجو انسانی حقوق کے تمام قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، ہم بہادر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ڈٹ کر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here