مجیب ایس لودھی، نیویارک
عشق انسان کو وہ فرش سے عرش تک لے جاتا ہے اور پھرعرش سے فرش پربھی گرا دیتا ہے ،میگھن کے عشق میں مبتلا ہو کر شاہی خاندان کو لات مارنے والے شہزادہ ہیری اپنے خاندان میں ایسا کرنے والے پہلے مرد نہیں ہیں ، ہیری سے ایک صدی قبل 1936 میں شاہی خاندان کے اہم فرد اور اس وقت کے بادشاہ ک ایڈورڈ ہشتم (آٹھویں) نے بھی امریکی طلاق یافتہ خاتون سے شادی اور تعلقات کے بعد تخت کو چھوڑا تھا جب انہوں نے ایک طلاق یافتہ خاتون سے عشق میں شادی کی تھی جس پر برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر شاہی افراد خفا تھے۔تخت اور عشق میں سے بادشاہ نے عشق کا انتخاب کیا اور شاہی محل اور عہدوں سے الگ ہوگئے۔ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت چھوڑے جانے سے محض 2 ماہ قبل ہی شاہی خاندان کے ایک اور فرد نے بھی شاہی عہدوں سے علیحدگی اختیار کی تھی۔گزشتہ برس سامنے آٓنے والے سیکس اسکینڈل کے بعد ملکہ برطانیہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو نے بھی نومبر 2019 کے آخر میں شاہی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ہیری وہ پہلے شاہی شہزادے نہیں ہیں جنہوں نے خود سے شاہی حیثیت کو چھوڑا ہو بلکہ ان سے قبل ان کے ہی خاندان کے بادشاہ نے بھی اپنی مرضی اور عشق کی وجہ سے تخت چھوڑا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ تخت چھوڑنے والے بادشاہ نے بھی ایک طلاق یافتہ امریکی خاتون کی وجہ سے تخت چھورا تھا۔
ہیری اور میگھن مارکل نے 9 جنوری 2020 کو شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس پر ملکہ برطانیہ نے 13 جنوری کو شاہی محل میں اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں انہوں نے پوتے کی علیحدگی کی منظوری دی تھی۔18 جنوری 2020 کو شاہی محل اور ملکہ برطانیہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ہیری اور میگھن مارکل نے شاہی حیثیت چھوڑ دی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شہزادہ ہیری نے سابق امریکی اداکارہ و طلاق یافتہ 38 سالہ میگھن مارکل سے 2018 میں منگنی کرنے کے بعد مئی 2019 میں شادی کی اور اسی سال ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی اور شادی کے ایک سال سے بھی کم عرصے کے بعد وہ خاندان سے الگ ہوئے۔وہیں ہیری کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ اب تک شاہی خاندان کے دوسرے فرد ہیں جنہوں نے امریکی خاتون سے شادی کرنے کے بعد خاندان سے علیحدگی اختیار کی۔
برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنی بیوی کے عشق میں شاہی خاندان کو لات مار کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے ، شہزادہ ہیری کی شاہی خاندان سے علیحدگی کی وجوہات بہت سی ہیں لیکن اس میںاہلیہ میگھن سے محبت کو بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے ، شہزادہ ہیری کی رائل فیملی سے اکتاہٹ کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ان کو اپنی والدہ ڈیانا کے قتل کی وجوہات کا اندازہ ہوا اور برطانوی میڈیا نے ڈیانا کے قتل پر تہلکہ خیز واقعات کا انکشاف کیا جس میں ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی کہ کیونکہ ڈیانا شاہی خاندان سے تعلق نہیں رکھتی تھیں ، خونی رشتہ نہ ہونے کی وجہ سے ملکہ الزبتھ کو ڈیانا سے نفرت تھی اور وہ ڈیانا کو شاہی محل سے دور ہی رکھنا چاہتی تھیں لیکن دو شہزادوں کی آمد کے بعد ان کی شاہی خاندان میں حیثیت مسلم ہو گئی تھی ، وراثت اور شاہی عہدوں کے لیے ان کا نام مرکزی حیثیت میں لیا جانے لگا تھا جس کے بعد ڈیانا کو ٹریفک حادثے میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا اور اس سازش میں برطانوی میڈیا کے بھی شامل ہونے کا انکشاف ہو ا تھا ، شہزادہ ہیری کیلئے یہ خبریں بہت افسوسناک ثابت ہوئیں ، شہزادہ ہیری کو ولیمز کی نسبت اپنی والدہ سے زیادہ لگاﺅ اور پیار تھا ۔
اداکارہ میگھن سے شادی کے بعد شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان میں ان کے ساتھ برتاﺅ کو موافق نہیں جانا اور ان کو میگھن سے بھی ڈیانا جیسے برتاﺅ کی بو آ رہی تھی ،شہزادہ ہیری کے شاہی خاندان سے بگڑتے ہوئے تعلقات اور میگھن کا شاہی خاندان سے نہ ہونا شہزادہ ہیری کے لیے ہر گزرتے دن کے ساتھ پریشانی کا باعث بن رہا تھا جس کی وجہ سے دونوں نے فیصلہ کیا کہ وہ شاہی خاندان کو الوداع کہہ کر ذاتی حیثیت میں زندگی بسر کریں گے ، جب برطانوی میڈیا میں میگھن کے متعلق بھی منفی خبریں سامنے آنے لگیں تو شہزادہ ہیری خوفزدہ ہوگئے تھے کہ کہیں ڈیانا کی طرح ان کی بیوی کو بھی کسی حادثے میں پار نہ کر دیا جائے اور پھر شہزادہ ہیری نے سرعام شاہی خاندان سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ۔شہزادہ ہیری کا فیصلہ شاہی خاندان بالخصوص ملکہ الزبتھ کو کافی ناگوار گزرا جس کے بعد انھوں نے شہزادہ ہیری اور میگھن کو کینیڈا اور امریکہ میں عارضی قیام کی تو اجازت دی مگر ان سے تمام شاہی اعزازات اور عہدے واپس لے لیے، اس کے ساتھ ان کو شاہی فنڈ سے ملنے والی خطیر رقم سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن اپنے فیصلے سے کافی مطمئن دکھائی دے رہے ہیں، دونوں اس وقت کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں اور اپنے لیے ملازمت تلاش کرنے میں مصروف ہیں جبکہ میگھن اس سلسلے میں کافی تیز نکلیں ان کو ڈزنی لینڈ میں وائس اوور کے لیے ملازمت بھی مل گئی ہے جبکہ شہزادہ ہیری کو بھی بڑے برانڈز کی جانب سے ملازمت کی آفرز ہیںلیکن ابھی تک انھوں نے کسی بھی ملازمت کے لیے جوائننگ لیٹر پر دستخط نہیں کیے ہیں ، دونوں نے زندگی کی جنگ ایک ساتھ لڑنے کا عہد کر لیا ہے اور ان کی محبت کے چرچے ہر زبان زدعام ہیں ، اس حوالے سے سوشل میڈیاصارفین اور وی لاگرز بھی برطانوی شاہی جوڑے کی محبت کو مثالی قرار دے رہے ہیں کہ جس طرح شہزادہ ہیری نے اپنی محبت کو مستقل پاس رکھنے کے لیے شاہی محلات کی پھولوں کی سیج کو چھوڑ کر زندگی کے کٹھن سفر میں میگھن کا ہاتھ تھامے مشکلات کا خود سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔