دبئی ایئرپورٹ کو مسلسل چھٹی بار دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار دیا گیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ورلڈ پیسنجر ٹریفک نے اپنی نئی رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سفر کے اعتبار سے دبئی نے دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ یہ مسلسل چھٹا برس ہے کہ دبئی کے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی سفر کے لیے دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا، دبئی کو یہ اعزاز اس کی بین الاقوامی پروازوں کی وجہ سے دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دبئی ایئر پورٹ کو استعمال کرنے والے مسافروں میں تین فیصد کمی واقع ہوئی اور 2019 میں اس ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد چھیاسی ملین سے زائد رہی، مسافروں کی تعداد میں کمی کے باوجود یہ مصروف ترین ایئرپورٹس میں پہلے نمبر پر ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے 80 ملین افراد نے سفر کیا۔
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بڑے ہوائی جہاز ایئر بس 380 اور بوئنگ ٹرپل سیون بھی اپنی منازل کی جانب روانہ ہوتے ہیں جب کہ ہوائی جہازوں کے ذریعے مال برداری کے لیے یہ دنیا کا چھٹا بڑا مرکز ہے، ایئرپورٹ کے ایک رن وے کی مرمت کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے پروازوں میں کمی ہوئی ہے اور اور یہ ہوائی سروس کے لیے بند ہے۔
اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کی بات کی جائے تو امریکی ریاست جورجیا کے شہر اٹلانٹا کا ہارٹسفیلڈ جیکسن ایئر پورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ یہ ہوائی اڈہ بین الاقوامی ٹریفک میں اس وقت ساتویں مقام پر ہے۔ ہارٹسفیلڈ جیکسن ہوائی اڈہ ایک سو ملین مسافروں کو پرواز کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔