اسلام آباد:
رہنما (ن) لیگ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہم نہ کوئی سازش کریں گے نہ ڈیل کریں گے بلکہ انتظار کریں گے کہ حکومت کرپشن کے نتیجے میں خود انجام تک پہنچے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران رہنما (ن) لیگ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جب مہنگائی اور ٹیکس بڑھے تو سمجھ لو حکومت کرپٹ ہے، مہنگائی کی قیمت 50 فیصد کم ہونے کے بجائے 50 فیصد بڑھ گئی ہے جب کہ عوامی مسائل میں حکومتی سنجیدگی اس قدر ہے کہ حکومتی بنچز خالی پڑے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نہ کوئی سازش کریں گے نہ ڈیل کریں گے، اگر تبدیلی آتی ہے تو کسی سازش کا حصہ بھی نہیں بنیں گے، ہم انتظار کریں گے کہ یہ حکومت اپنی کرپشن کے نتیجے میں انجام تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے حکومت میں بیٹھے ہیں، عمران خان لوگوں سے چندہ جمع کرتے ہیں لیکن خود نہیں دیتے جب کہ وزیراعظم کسی کے ساتھ ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتے۔
رہنما (ن) لیگ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جس کو کہتے تھے چپڑاسی نہیں رکھوں گا اسے وزیر بنا دیا، جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا اسے اسپیکر پنجاب اسمبلی بنادیا جب کہ کل پوری جماعت اسپیکر پنجاب اسمبلی کے دروازے کی چوکھٹ پر سجدہ ریز تھی، جب اقتدار ڈولتا ہے تو ایسے ہی چوکھٹوں پر سجدہ ریز ہونا پڑتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکیں، سیاستدان برادری ایک دوسرے سے انتقام لیتے رہتے ہیں، سیاستدانوں نے ماضی سے سبق حاصل نہیں کیا، جو میں نے گزشتہ سالوں میں کہا اور جو وزیراعظم نے کہا ایوان میں چلائیں تاکہ ممبران کی یاداشت تازہ ہو۔