معروف گلوکار علی ظفر نے ’’میلہ لوٹ لیا‘‘

0
370

کراچی:

علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے لیے بنایا گیا گانا ’’میلہ لوٹ لیا‘‘ ریلیز کردیا۔

علی ظفر کی جانب سے پی ایس ایل سیزن5 کے لیے بنایا گیا گانا ’’میلہ لوٹ لیا‘‘ کو ریلیز کرنے کے  اعلان کے بعدعوام بے چینی سے اس گانے کا انتظار کررہے تھے اور اب علی ظفر نے گانا ریلیز کردیا۔

 

 

پاکستان سپرلیگ کا آفیشل ترانہ ہر سال پی سی بی جاری کرتا ہے۔ پی ایس ایل کے ابتدائی تین سیزن کے گانے علی ظفر نے پی سی بی کے ساتھ اشتراک کرکے ریلیز کیے تھے جنہیں عوام کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا جب کہ سیزن2 کا گانا ’’اب کھیل جمے گا‘‘ تو اتنا زیادہ مقبول ہوا تھا کہ پی ایس ایل کی پہچان بن گیا اور آج تک زبان زد عام ہے۔

 

تاہم سیزن 4 میں علی ظفر کے بجائے فواد خان کی آواز میں آفیشل گانا ’’کھیل دیوانوں کا‘‘ ریلیز کیا گیا جسے شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل موصول ہوا اور یہ گانا علی ظفر کے گانوں کے آگے ماند پڑگیا۔

 

سیزن 4 کے گانے کو شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل موصول نہ ہونے کے باعث اس بار پی ایس ایل سیزن 5 کا آفیشل کا گانا ’’تیار ہیں‘‘ کسی ایک گلوکار نے نہیں بلکہ علی عظمت، عاصم اظہر، عارف لوہار اورہارون جیسے بڑے گلوکاروں نے مل کر گایا۔ عوام کو اس گانے سے بہت زیادہ توقعات تھیں لیکن بدقسمتی سے یہ گانا بھی عوام کی امیدوں پر پورا نہیں اترا اورشائقین نے نہ صرف اس گانے کو مسترد کردیا بلکہ اس پر بے تحاشہ تنقید بھی کی گئی اور شائقین نے ایک بار پھرعلی ظفر سے پی ایس ایل کے لیے گانا بنانے کی فرمائش کی۔

عوام کے پرزور اصرار پر علی ظفر نے پی سی بی سے اشتراک کیے بغیر اپنے طور پر گانا بنانے کا اعلان کیا۔ گانے کے ٹیزر نے ریلیز سے قبل ہی دھوم مچادی تھی اور اب علی ظفر نے پی ایس ایل سیزن5 کے لیے بنایا گیا گانا ’’میلہ لوٹ لیا‘‘ ریلیز کردیا۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ علی ظفر نے یہ گانا صرف ایک ہفتے میں تیار کیا ہے اور اس میں عام عوام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here