شکستوں سے بے حال کوئٹہ کو ملتان کا چیلنج درپیش

0
92

لاہور:

شکستوں سے بے حال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بدھ کے روز ملتان سلطانز کا چیلنج درپیش ہوگا جب کہ فائنل فور تک رسائی کی امیدیں باقی رکھنے کیلیے فتح سے کم کچھ درکار نہیں ہے۔

پی ایس ایل 5کا 25واں میچ بدھ کی شام 7بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، شکستوں کے گرداب میں پھنسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بقا کی جنگ لڑنا ہے،سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم نے اب تک 8میچز میں صرف 3جیتے ہیں،5 میں اسے شکست ہوئی،6پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد فائنل فور مرحلے تک رسائی کی موہوم سی امید باقی رکھنے کیلیے اسے اگلے دونوں مقابلوں میں فتح کی ضرورت ہے۔

لاہور قلندرز کیخلاف گذشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 100کا مجموعہ بھی حاصل نہیں کرپائے تھے، شین واٹسن اور جیسن روئے کی کارکردگی میں تسلسل نہیں،احمد شہزاد مسلسل ناکام ہیں، 2اننگز کے بعد جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کا بیٹ بھی خاموش ہے،سرفراز احمد بھی ناکامی کا شکار ہیں۔

 

ٹیم کیلیے آل راؤنڈرز محمد نواز اور بین کٹنگ کی پرفارمنس اہمیت کی حامل ہے،نسیم شاہ کی خدمات سے محرومی کے بعد پیسرز سہیل خان اور محمد حسنین کو سخت محنت کرنا ہوگی،فواد احمد اور زاہد محمود کی اسپن بولنگ حریف کیلیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے 7میچز میں 5فتوحات پائیں، ایک شکست اور ایک بے نتیجہ مقابلے کی مدد سے ٹیم نے11پوائنٹس جوڑ کر فائنل فور مرحلے میں جگہ پکی کرلی ہے،اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف اچھی فارم میں ہیں،مڈل آرڈر میں معین علی، کپتان شان مسعود، رلی روسو اور خوشدل شاہ بڑے اسکور کی راہ ہموار کرسکتے ہیں،شاہد آفریدی نے قذافی اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے نامکمل رہنے والے میچ میں فارم کی جھلک دکھائی تھی۔

سہیل تنویر ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں،انھیں جنید خان کا ساتھ بھی میسر ہوگا،اسپن کے شعبے میں عمران طاہر جیسا بڑا نام موجود ہے۔بدھ کو لاہور میں بارش کا بھی امکان ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here