ویزہ کیمپ کیلئے ہم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سفیر پاکستان اسد مجید کے شکر گزارہیں:رومانہ حبیب
اٹلانٹا(پاکستان نیوز) پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکی ایسوسی ایشن آف اٹلانٹا کی جانب سے اس سال بھی مقامی ریسٹورنٹ آشیانہ میں ویزہ کیمپ کا انعقاد ہوا جس میں ہیوسٹن سے پاکستانی قونصلیٹ آفس کے افسران نے شرکت فرمائی اور تندہی اور ذمہ داری سے کمیونٹی کیلئے و یزہ، پاسپورٹ اور دوسرے ضروری امور انجام دیتے رہے اور موقع پر ہی درخواستیں اور فیس جمع کرتے رہے، ہیوسٹن سے عرفان اللہ کی زیر نگرانی خالد صاحب اور کامران صاحب نے ذمہ داری سے کام انجام دیئے، اس موقع پر پاک اٹلانٹا کی چیئرپرسن رومانہ حبیب نے پاکستان نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ اس ویزہ کیمپ کیلئے ہم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سفیر پاکستان اسد مجید کے مشکور ہیں کیونکہ دونوں حضرات کے تعاون سے ہی ویزہ کیمپ کا انعقاد ممکن ہوا، بعد ازاں ان دونوں حضرات سے رومانہ حبیب نے کموینٹی کے دیرینہ مسائل اٹلانٹا میں پاکستانی قونصلیٹ آفس کے قیام کی اپیل کو دہرایا اور کہا کہ قونصلیٹ آفس کے قیام سے نہ صرف جارجیا بلکہ متصل کئی ریاستوں میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کو بہت سہولت مل جائےگی اس وقت کمیونٹی کو دور دراز فاصلہ طے کر کے ہیوسٹن جانا پڑتا ہے۔ آخر میں رومانہ حبیب نے جارجیا کے کمیونٹی کی خدمت کیلئے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔