نیویارک (پاکستان نیوز) کورونا وائرس پاکستانی کمیونٹی میں بھی داخل ہو گیا ، ہلاکتوں کاسلسلہ نہیں رک سکا ، کمیونٹی کی معروف شخصیت بھائی بشیر خان بے کورونا کا شکار ہو کر جہان فانی سے کوچ کر گئے ، بشیر خان کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر ہے ،چار بچوں کا باپ تھا ، بشیر خان کوکورنا وئرس کی وجہ مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن جانبر نہ ہو سکے ، پاکستان کمیونٹی کی معروف شخصیت سعید خان سانس میں تکلیف کی وجہ سے انتقال کر گئے ، وہ کورونا کے مریض نہیں تھے ، ان کی اہلیہ فرزانہ باجی بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، تمام کمیونٹی سے دعا کی اپیل ہے۔پاکستانی امریکن ڈپٹی پبلک ایڈوکیٹ نیویارک کاشف حسین کی والدہ محترمہ محمودہ رحمان بھی کورونا کا شکار بن گئیں ، مرحومہ بروکلین کے ایک مقامی ہسپتال میں بدھ کو انتقال کر گئیں۔ انہیں کچھ عرصہ قبل کرونا کا مرض لاحق ہوا جس کے بعد انہیں کچھ دن گھر پر رہنے اور علاج جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ چارروز قبل ان کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد انہیں ڈاﺅن سٹیٹ ہسپتال بروکلین میںمنتقل کر دیا گیا جہاں انہیں سانس لینے کی دشواری کی صورتحال کی وجہ سے دو روز قبل ونٹی لیٹر پر لگا دیا گیا۔ وہ تین روز زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہیں جس کے بعد اپنے خالق حقیقی کو جا ملیں۔پبلک ایڈووکیٹ نیویارک جمانی ولیمز سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی نے کاشف حسین سے ان کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی منزلیں آسان فرمائیں۔ ان کے درجات بلند فرمائیں اور جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔ اسی طرح نیویارک کوئینز میں مقیم سلمان زلفی نامی پاکستانی امریکن کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں ، مرحوم کی عمر 45برس تھی ، اہل خانہ کی جانب سے کمیونٹی سے سلمان ذلفی کی مغفرت کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے ، مرحوم بیسٹ میڈیکل کیئر BMCکے کامران صدیقی کے بہنوئی تھے۔اسی طرح نیویارک کی معروف سماجی شخصیت ، بزنس مین اظہر خان بھی 57 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ہفتے سے زائد عرصے سے سٹیٹن آئی لینڈ کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، پسماندگان میں تین بیٹے اور بیوہ شامل ہے۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ایک اور رکن محتشم کشمیری یہاں انتقال کر گئے ، ان کی عمر 65سال سے زائد تھی۔ چند روز قبل وہ بیمار ہوئے ، طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے مقامی ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں چند روز زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت اور CHAS نیوز کے روح رواں علمدار شاہ کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر پاکستان کے شہر ساہیوال میں خالق حقیقی سے جا ملی ہیں ، علمدار شاہ آخری رسومات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں ، پاکستان نیوز ان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے۔دریں اثنا نیویارک میں کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرنے والے پہلے پاکستانی امریکن حاجی محمد اقبال انجم مرحوم کے انتقال کے ٹھیک 13دن کے بعد ان کی یہاں مقیم ہمشیرہ رشیداں بیگم بھی کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کی عمر 70سال تھی۔ عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے ان میں پہلے سے بعض طبی مسائل موجود تھے لیکن بدقسمتی سے وہ بھی کرونا وائرس انفیکشن کا شکار ہو گئیں جس کے بعد انہیں لانگ آئی لینڈ جیوئش ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں چند روز زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ بھی اپنے خالق حقیقی کو جا ملیں۔ویلکم حلال میٹ جرسی سٹی کے مالک ظفر صاحب کی اہلیہ کورونا وائرس کی شکار ہوگئی ہیں انکے شوہر ان دنوں پاکستان میں ہیں اور انکی اہلیہ چند دن قبل اس موذی وائرس کا شکار ہو کر آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں انہوں نے پسماندگان میں شوہر کے علاوہ دو بچیاں سوگوار چھوڑی ہیں مرحومہ کو اللہ تبارک اپنے جوار رحمت میں جگہ مرحمت فرمائے آمین۔ اسکے علاوہ نوبل فارمیسی کے مالک اور انتہائی شریف انفس خدا ترس راسخ العقیدہ مسلمان برادر سیف بھی کورونا کا شکار ہو کر خالق حقیقی سے جا ملے ہیں، پاکستانی کمیونٹی میں تیزی سے یہ وبا پھیل رہی ہے اللہ تبارک سب کو اپنی امان میں رکھے