ماں تمہیں مبارک!!!

0
230
رعنا کوثر
رعنا کوثر

رعنا کوثر

مدرز ڈے کے اس موقعہ پر آئیے دیکھتے ہیں کہ عورت کے وجود کو اتنا اہم کیوں قرار دیا گیا ہے کہ اس کے پیروں کے نیچے جنت رکھ دی گئی ہے، ہر ایک جگہ عورت کو یعنی ماں کو مختلف انداز میں خراج تحسین پیش کیا جاتاہے۔ اس کی محبت کا اظہار ہر طبقہ ہر ملک الگ طریقے سے کرتا ہے۔ امریکہ میں مدرز ڈے کو بے حد خوبصورت انداز سے منایا جاتا ہے اور اس دن بچے کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنی ماں کو پھولوں اور تحفوں سے لاد دیں کیونکہ بزم کائنات کی شمع عورت ہی کے دم سے روشن ہے اگر عورت نہ ہو تو پورا کارخانہ¿ تمدن اُجڑ کر رہ جائے، عورت تمدن انسانی کا محور اور باغ انسانیت کی زینت ہے اگر عورت نہ ہو تو سارا معاشرہ اور سارا تمدن منتشر اور پراگندہ ہو جائے گا اور پوری انسانی تہذیب اُجڑ کر رہ جائےگی۔ عورت ہی کے دم سے زندگی کی گاڑی رواں دواں ہے ،عورت ہی کے وجود سے زندگی کے خوبصورت نغمے پھوٹتے ہیں ،عورت ہی کی وجہ سے تہذیب و تمدن کے نئے نئے میدان کُھلتے ہیں اور نئی منزلیں سامنے آتی ہیں،عورت کو تمام مذہبی انسان اولیا، حکما، سلاطین یہاں تک کہ پیغمبر بھی ماں کہتے ہیں۔
عورت کو چونکہ اللہ نے ماں کا درجہ دینا تھا، اس لئے اس کا وجود بھی عجیب مراحل سے گزرتا ہے وہ لڑکی جو والدین کے گھر ناز و ں میں پلتی ہے ،بھائی بہنوں کے درمیان محبت بھرے دن گزارتی ہے جب ہمسفرملنے کے بعد ایک گھر سے دوسرے گھر جاتی ہے تو یہ معمولی سا رد و بدل اس کیلئے کتنا زبردست انقلاب ہے اس کی پوری زندگی بدل جاتی ہے۔ طور طریقے ،انداز گفتگو ،زندگی کا ہر موڑ، ہر کونا ایک نئے انداز سے شروع ہوتا ہے۔ اس کے اندر ایک ایسی تبدیلی آتی ہے کہ ماضی بھولی بسری کہانی بن جاتا ہے ۔زندگی کی ترتیب بدل جاتی ہے ،رفتار گفتار چال ڈھال ہر چیز یوں بدلتی ہے کہ اسے خود بھی تعجب ہوتا ہے کہ یہ میں ہوں ان امتحانات سے گزر کر کہ جب وہ ماں بن جاتی ہے تو دن رات ایک کر دیتی ہے اولاد کو بڑا کرنے میں، کہتے ہیں ایک جان گلے تو ایک جان پلے۔
قربانیوں کی ایک لمبی فہرست ہوتی ہے جس سے ایک ماں گزرتی ہے، اعداد و شمار کے لحاظ سے عورت معاشرہ کا نصف ہے لیکن اپنے شوہر اپنی اولاد اور گرد و پیش پر اثر انگیزی کے اعتبار سے وہ نصف سے بھی زیادہ ہے۔
ایک عرب شاعر نے کہا ہے!
ماں ایک مدرسہ ہے اگر آپ اس کا شمار کرتے ہیں تو گویا آپ اچھی نسل کی ایک قوم کا شمار کرتے ہیں اور یوں ہم ایک عورت کو اس کی عظمت کو سلام کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ماں پایری تم کو آج کا دن اور ہر دن مبارک ہو۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here