وزیراعظم کی پیٹرول کی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

0
96

اسلام آباد:

وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں پیٹرول کی قلت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف کارروائی اور تین دن کے اندر دست یابی یقینی بنانے ہدایت کی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سمیت کابینہ ارکان  نے پیٹرول کی قلت، وزارت توانائی  اور چیئرمین اوگرا پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرول کی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں ۔مقررہ سٹاک نہ رکھنے والی کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کو احتساب کے لیے مینڈیٹ ملا۔  بنیادی اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اولین ترجیح ہے ۔ماضی میں سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے گئے۔ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو کیسز بھجوا دیے ہیں۔سیاست کو کاروبار کے لیے استعمال کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔

 

کابینہ کو شوگر انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ  چینی کی پیدواری قیمت کا تعین  اور نرخ کم کرنے کے حوالے سے وزیر برائے صنعت و پیداوار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات کی سفارشات پیش کرنے کے ساتھساتھ پالیسی کی سطح پر اقدامات تجویز کرے گی۔

وفاقی وزراء مراد سعید اور فیصل واوڈا نے نجی ہسپتالوں کی جانب سے غریب عوام سے زائد وصولیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی ہسپتال مافیا کورونا کی آڑ میں غریب عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ صوبائی حکومتوں کو انتظامی معاملات بہتر کرنے کی بھی  ہدایت کی جائے۔

اجلاس میں کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ وبا کی مریضوں کی ضروریات پوری کرنے اور ملک میں صحت کی سہولیات کو مستحکم کر نے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں میں آکسیجن کی سہولت کے ساتھ ایک ہزار مزید بستر فراہم کیے جائیں گے۔

اسٹیل ملز کی نجکاری اور ملازمین کی برطرفی کے فیصلوں کی توثیق

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 03جون 2020  کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی ۔کابینہ نے اسٹیل ملز ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیے جانے اور اسٹیل ملز کی نجکاری سے متعلق  اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔

پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

وزیرِ اعظم نے پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ نیشنل پرائس  مانیٹرنگ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے اور اس معاملے کی تفصیلی رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے۔

47 ہزار متروکہ املاک کی جیو ٹیگنگ

اجلاس کو متروکہ املاک کی جائیدادوں کو مثبت طریقے سے برؤے کار لانے اور متروکہ املاک وقف بورڈ کے معاملات کو منظم کرنے کے حوالے سے ٹاسک فورس کی سفارشات  سے متعلق بریف کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ متروکہ وقف املاک کی ملکیت میں 47 ہزار املاک ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متروکہ املاک کی جائیدادوں کی نشاندہی کے عمل کو تیز کیا جائے اور انکی جیو ٹیگنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here