’’ہم کسی سے کم نہیں‘‘ پاکستانی خواتین نے دیارِ غیر میں فتح کا نقارہ بجا دیا

0
443

پوشف اسٹروم:

پاکستانی ویمنز نے دیارغیرمیں فتح کا نقارہ بجا دیا، ٹیم نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو اس کے اپنے میدان پر 8 وکٹ سے مات دے کر تاریخ رقم کر دی۔

ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچ میں پاکستان نے میزبان جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد8 وکٹ سے شکست دے دی۔ یہ گرین شرٹس کی پروٹیز خواتین پر مجموعی طور پر دوسری جبکہ ان کے اپنے دیس میں پہلی ایک روزہ کامیابی ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے شارجہ میں 2014-16 کی چیمپئن شپ کے ایک میچ میں حریف کو زیر کیا تھا،13 مارچ 2015 کے اس مقابلے میں پاکستان نے 6 وکٹ پر 216 رنز بنانے کے بعد پروٹیز خواتین کو 159 رنز 9 وکٹ پر محدود کیا تھا، تب ثنامیر نے 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی تھیں، بسمہ معروف 99 رنز بناکر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائی تھیں۔

 

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستانی فتح میں ثنا میر کی تباہ کن بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے 6 اوورزمیں صرف 11 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں جس سے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کیلیے بھیجی جانے والی جنوبی افریقی ٹیم 22.5 اوورز میں 63 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صرف 2کھلاڑی ٹیرون (21) اور ڈو پریز (18) ہی دہرے ہندسے میں داخل ہو پائیں ، باقی میں سے کوئی بھی 6 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائیں، نشرح ساندھو اور ندا ڈار نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں پاکستان نے 14.4 اوورز میں 2 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، ناہیدہ خان (4) اور سدرہ امین (10) کے آؤٹ ہونے کے بعد جویریہ خان نے 34 اور بسمہٰ معروف نے 12 رنز بناکر ٹیم کو ہدف عبور کرا دیا۔ اس کامیابی کی بدولت چیمپئن شپ ٹیبل پر پاکستانی سائیڈ جنوبی افریقہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 14 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ کے برابر پہنچ گئی تاہم نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے وہ کیویز سے نیچے پانچویں نمبر پر ہیں۔

گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کے مقابلے میں 2 میچز کم کھیلے ہیں، اگر وہ اپنے باقی دونوں میچز بھی جیت لیں تو پھر 18 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود انگلینڈ کو جوائن کرلیں گی۔

میچ کے بعد ثنامیر نے کہاکہ یہ فتح پوری ٹیم کی محنت سے ممکن ہوئی، وکٹ میں نمی تھی اس لیے ہم نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور بعد میں جویریہ نے ہمارے لیے میچ فنش کیا، انھوں نے کہا کہ میں نئی گیند کے ساتھ بولنگ کرنا پسند کرتی ہوں، ٹیم کی اتنی بڑی جیت میں کردار ادا کرنے کی بہت خوشی ہے، ثنا میر نے کہا کہ ہمارے پاس سہل پسندی کی گنجائش نہیں کیونکہ جنوبی افریقی ٹیم باقی میچز میں کم بیک کی پوری کوشش کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here