پاکستانی ٹیم نومبر میں کینگروز کو ان کے میدانوں پر للکارے گی

0
102

سڈنی:

پاکستانی ٹیم نومبر میں کینگروز کو ان کے میدانوں پر للکارے گی جب کہ 3 ٹوئنٹی 20 میچز کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 2 پانچ روزہ مقابلوں میں زور آزمائی ہوگی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے 2019-20 کا ہوم انٹرنیشنل شیڈول جاری کردیا،  اس سیزن میں نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے مینز ٹیمیں کینگروز کے دیس کا رخ کریں گی،بھارت، انگلینڈ اور آئی لینڈرز ویمنز ٹیمیں بھی یہاں آئیں گی۔

41 سال میں پہلی بار آسٹریلیا کا ہوم انٹرنیشنل موسم گرما کا سیزن مارچ کے اختتام تک جاری رہے گا،آئندہ برس کیویز 3 ون ڈے میچز کی چیپل ہیڈلی سیریز کیلیے دوبارہ آسٹریلوی سرزمین پر ڈیرے ڈالیں گے۔ مجموعی طور پر اس موسم گرما میں کینگرو دیس میں 10 وینیوز پر28 انٹرنیشنل مقابلے ہوں گے جس میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔

 

آسٹریلیا اکتوبر نومبر میں سری لنکا اور پاکستان کی الگ الگ 3، 3 میچز پر مشتمل ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے میزبانی کرے گا۔  گرین شرٹس پہلا ٹی 20 میچ 3 نومبر کو سڈنی میں کھیلیں گے۔ دوسرے میچ کی میزبان مانوکا اوول 5 نومبر کو کرے گا، تیسرا اور آخری ٹوئنٹی 20 پرتھ میں 8 نومبر کو شیڈول ہے۔

سمر سیزن کا پہلا ٹیسٹ ایک بار پھر گابا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا جب پاکستان کی ٹیم 21 نومبر سے2ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے آسٹریلیا کا رخ کرے گی۔ یہ میچز آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت کھیلے جائیں گے، جس میں قیمتی پوائنٹس بھی دونوں ٹیموں کی دسترس میں ہوں گے۔

برسبین میزبان سائیڈ کیلیے خوش قسمت ترین وینیو ہے جہاں پر وہ 1988 کے بعد مسلسل 30 ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست رہا اور یہ ایک عالمی ریکارڈ بھی ہے۔  پاکستان ٹیم اپنے دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلے گی جو ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

کینگروز اگلا پانچ روزہ میچ پرتھ میں بھی پنک گیند کے ساتھ فلڈ لائٹس میں کھیلیں گے تاہم ان کی حریف نیوزی لینڈ کی ٹیم ہوگی، اسی کے خلاف میلبورن اور پھر سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر روایتی باکسنگ ڈے اور نیوایئر ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

1932 کے بعد پہلی بار کیویز ایم سی جی میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ 41 برس میں پہلی بار آسٹریلیا نے اپنا ہوم سیزن درمیان میں چھوڑ کر ملک سے باہر کرکٹ کھیلنے کی حامی بھری ہے، جنوری کے وسط میں کینگروز بھارت جاکر 3 ون ڈے میچز کھیلیں گے، اسی ٹور کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز مارچ تک موخر کرنا پڑی۔

آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آسٹریلوی ٹیم کو فروری میں ہی جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کا بھی دورہ کرنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here