لاہور:
شاہد آفریدی کی سوانح عمری سے اٹھنے والا طوفان تھم نہ سکا جب کہ عمران فرحت نے سابق کپتان پر الزامات کی بارش کردی۔
شاہد آفریدی کی سوانح عمری ’’گیم چینجر‘‘ میں جاوید میانداد،وقار یونس اور یونس خان سمیت سینئرز کے حوالے سے چشم کشا انکشافات پر اٹھنے والا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اب ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت نے ان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ سابق کپتان پاکستان کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، انھوں نے کتاب میں دوسروں پر الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی پردہ پوشی کرنا چاہی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر عمران فرحت نے کہا کہ جو شخص خود20 سال تک اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ بولتا رہا، اب صاف شفاف ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سابق عظیم کرکٹرز پر الزامات عائد کر رہا ہے، شاہد آفریدی نے ملک کیلیے کچھ کرنے کے بجائے اپنے مفادات کیلیے دوسروں کااستعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسپانسرز کے نام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو سب سے زیادہ بلیک میل شاہد آفریدی نے کیا، وہ اپنی ذات کیلیے کچھ بھی کر سکتے ہیں، پاکستان میں ان سے زیادہ خطرناک کرکٹر کوئی نہیں آیا، انھوں نے لوگوں کو بیوقوف بنا کر پاکستان ٹیم کا بیڑہ غرق کیا، انہی باتوں کی وجہ سے سابق چیئرمین پی سی بی اعجازبٹ ان سے پیچھا چھڑانا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ اعجاز بٹ کے اپنی چیئرمین شپ کے آخری دور میں شاہد آفریدی سے تعلقات خاصے کشیدہ ہوگئے تھے، یہاں تک ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے آل راؤنڈر کو سمندر میں پھینک دینے کی بات بھی کہہ دی تھی۔