اسلام آباد:
پی ایس او یورو 5 ہائی اوکٹین فیول متعارف کروانے والے پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق پاکستان میں پہلی بار یورو 5 فیول متعارف کروا دیا گیا ہے، اور پی ایس او یورو 5 ہائی اوکٹین فیول متعارف کروانے والی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے۔ ڈپلومیٹک اینکلیو کے پیٹرول پمپ پر یورو 5 فیول کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب اور معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کا کہنا تھا کہ یورو 5 اہم چیز ہے جس کے لئے حکومت نے پالیسی تبدیل کی، آئندہ نسلوں کوگرین پاکستان دینے کے لئے کلین فیول ضروری ہے، کلین اینڈ گرین پاکستان کے لئے پٹرول اور ڈیزل کے معیار بہتر کرنا ضروری تھے، یکم ستمبر پٹرول اور یکم جنوری سے ڈیزل کی تمام درآمد یورو فائیو کی ہوگی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب کا کہنا تھا کہ دوسال قبل بتایا گیا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر ڈیڑھ سے دو ہفتے کے رہ گئے ہیں، لیکن دنیا نے عمران خان پر اعتماد کیا اور آج وہ دن آگیا ہے جہاں سے ہم ٹیک آف کررہے ہیں، حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر معیاری پیٹرول اور ڈیزل سے ماحول پراثرات کوکنٹرول کرنا ہوگا، آئی پی پیز کے شکرگزار ہیں کہ معاہدوں میں ترامیم تسلیم کی ہیں، یہ ہمارے انرجی سیکورٹی کے لئے بہت ضروری ہیں۔ ملک میں 70 فیصد توانائی درآمد کررہے ہیں، متبادل ذرائع سے پیداوار بڑھنے سے نئی انڈسٹریز لگیں گی، جتنی انرجی ہمارے اپنے ملک میں ہوگی اتنا ہمارے لئے بہتر ہوگا۔