کراچی:
امریکی ڈالرکی اونچی اڑان نے صرافہ مارکیٹوں میں بھونچال پیدا کردیا ہے جہاں سونے کی عالمی قیمتوں معمولی نوعیت کے اضافے کے برعکس تیزرفتاری کے ساتھ فی تولہ اور فی10گرام سونے کی قیمت یومیہ بنیادوں پرتاریخ کی نئی بلندترین سطح کو چھو رہی ہے۔
آل سندھ صراف اینڈجیولرزکے مطابق اپریل 2019 کے ابتدائی3دنوں میں فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طورپر1650روپے بڑھ کر 72200روپے اور فی10 گرام سونے کی قیمت1415 روپے بڑھ کر61900روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دلچسپ امر یہ کہ ان 3دنوں میں سونے کی عالمی قیمت صرف3ڈالرکے اضافے سے1294ڈالر رہی ہے جبکہ یکم مارچ2019 سے اب تک مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر3050روپے اور فی10گرام سونے کی قیمت میں2615روپے اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔