وفاقی حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے رقم وصولی کی مدت میں 15 روز کی توسیع کردی، مستحقین اب اس پروگرام سے 15 ستمبر تک رقوم وصول کرسکیں گے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق احساس ایمرجنسی کیش مستحقین کی سہولت کے لیے ایمرجنسی کیش کی وصولی کی آخری تاریخ میں 15 ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے تاہم وفات پاجانے والے اہل افراد کے لواحقین پروگرام کی ادائیگیاں ختم ہونے کے 15 دن بعد تک اپنی رقم وصول کرسکیں گے۔اسی طرح بایو میٹرک تصدیق کے مسائل کا سامنا کرنے والے مستحق افراد بھی 30 ستمبر تک اپنی رقم وصول کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اس سے قبل احساس ایمرجنسی کیش سے رقم وصول کرنے کی آخری تاریخ 31 اگست مقرر کی تھی۔ تاہم وفات پانے والے اہل افراد کے لواحقین اور بایو میٹرک کے مسائل والے مستحقین کے لیے مزید ایک ماہ تک رقم وصول کرنے کی تاریخ دی گئی تھی جس میں اب 15 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔