ڈیبیو میچ میں شاندار کارکردگی پر حیدر علی کے چرچے

0
82

مانچسٹر:

قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز حیدر علی نے اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری اسکور کرکے نہ صرف پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ انہوں نے بہت سے لوگوں کا دل بھی جیت لیا۔

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے افتخار احمد کی جگہ حیدرعلی کو گرین کیپ پہنائی تو پاکستان سپر لیگ میں اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھانے والے نوجوان بیٹسمین نے بھی ٹیم مینجمنٹ کو مایوس نہیں کیا اور ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے باوجود پراعتماد بیٹنگ کرکے سب کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

 

نوجوان بلے باز نے اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نصف سنچری بناکر مختصر فارمیٹ کے ڈیبیو میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ حیدر علی نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی اور تیسری وکٹ کے لیے محمد حفیظ کے ساتھ ملکر 100 رنز سے زائد شراکت بھی قائم کی۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے ڈیبیو میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز عمر امین کو حاصل تھا جنہوں نے 47 رنز بنائے تھے، اس کے بعد محمد حفیظ 46 اور حسین طلعت اپنے ڈیبیو میچ میں 41 رنز بناچکے ہیں۔

انگلینڈ کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر مائیکل وان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ نوجوان بلے باز حیدر علی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان کو ایک اچھا کھلاڑی مل گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں سابق آسٹریلوی کھلاڑی ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بار حیدر علی کو جنوبی افریقا میں انڈر 19 ورلڈ کپ میں دیکھا تھا، یہ بات واضح تھی کہ وہ ایک اسپیشل ٹیلنٹ ہے، انگلینڈ کے خلاف انہیں موقع ملنے کی خوشی ہے۔

واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here