پی سی بی نے عبدالقادر کی خدمات کو بھلا دیا

0
174

لاہور:

پی سی بی نے عبدالقادر کی خدمات کو بھلا دیا، برسی پر کسی عہدیدار نے آنا مناسب نہ سمجھا،کامران اکمل کا کہنا ہے کہ سابق لیگ اسپنر کی وفات پر کیا جانے والا کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا، سلمان قادر نے کہا کہ کسی نے پلٹ کر ہمارا حال تک نہیں پوچھا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر کی پہلی برسی پر ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل، عمر اکمل اور نسیم شاہ بھی شریک ہوئے، پی سی بی کی طرف سے کسی عہدیدار نے آنا گوارا نہ سمجھا،اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہاکہ عبدالقادر کی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی،ان سے کرکٹ اور پروفیشنلزم کے حوالے سے بہت کچھ سیکھا، بہت مخلص اور ملک سے پیار کرنے والے انسان تھے، کرکٹ میں کارنامے ہمیشہ ان کی یاد دلاتے رہیں گے، عبدالقادر کی وفات پر جو وعدے کیے گئے تھے ان میں سے کوئی ایک بھی پورا نہیں ہوا۔ لیگ اسپنر کے بیٹے سلمان قادر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سب وعدے لوگ بھول گئے۔

والد کے نام سے سڑک منسوب ہوئی نہ ہی گراؤنڈ کی حالت بدلی گئی،مزید بھی بہت سی چیزیں ابھی تک زیر التوا ہیں، ایک سال بیت گیا کسی نے وعدے تو کیا وفا کرنے ہیں پلٹ کر ہمارا حال تک نہیں پوچھا، انھوں نے کہا کہ ہمارے والد نے اپنی محنت اور لگن سے دنیا میں مقام بنایا، ہمیں معلوم ہے کس طرح محنت کرنی ہے۔

 

اب کسی سے امید نہیں، ہمیں اب جھوٹی تسلیاں دینے والوں کی بھی ضرورت نہیں۔دریں اثناء  گگلی ماسٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہاکہ قادر بھائی جتنے اچھے کرکٹر رہے اتنے ہی اچھے انسان بھی تھے، جب بھی لیگ اسپن بولنگ کا ذکر ہواان کا نام بھی لیا جائے گا،انھوں نے لیگ اسپن بولنگ کو پوری دنیا میں پہچان دلاکر پاکستان ٹیم کی فتوحات میں نمایاں کردار ادا کیا، کرکٹ میں باؤجی کے نام سے مشہور عبدالقادر حق وسچ کی بات کرنے میں کوئی جھجھک محسوس نہیں کرتے تھے،انھوں نے  جرات اور بہادری سے زندگی گزاری۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here