اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں ایف بی آر کی ناکامی کے بعد نئے اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت گذشتہ روز ہونے والے ایف بی آر کے پالیسی بورڈ کے اجلاس میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے نئے لیگل ارینجمنٹ پر غور کیا گیا۔ اس ارینجمنٹ کا مقصد نادرا کے پاس موجود ڈیٹا کی مدد سے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے۔ قبل ازیں بھی اس نوع کی کوششیں کی گئیں جو بارآور ثابت نہ ہوسکیں۔
دوران اجلاس مشیرخزانہ نے نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے مسائل اور اس سلسلے میں درپیش رکاوٹوں کا تعین کرنے کے لیے پالیسی بورڈ کے اراکین کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس کمیٹی میں وزیر صنعت حماداظہر، مشیر وزیراعظم برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین فیض اﷲ کاموکا، چیئرمین ایف بی آر اور چیئرمین نادرا شامل ہوں گے۔