تحریک لبیک سے مذاکرات کامیاب، حکومت کی فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی یقین دہانی

0
127

اسلام آباد /  راولپنڈی:

حکومت نے تحریک لبیک کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی یقین دہانی کرادی جس کے بعد تحریک لبیک نے فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد تحریک لبیک نے توہین رسالت کے معاملے پر فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دونوں فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ منظر عام پر آگیا۔

معاہدے پر حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور کمشنر اسلام آباد عامر احمد اور تحریک لبیک کی جانب سے امیر کے پی کے ڈاکٹر محمد شفیق امینی، امیر شمالی پنجاب عنایت الحق شاہ اور ناظم اعلی شمالی پنجاب علامہ غلام عباس فیضی نے دستخط کیے۔

 

تحریری معاہدے کے مطابق حکومت نے تحریک لبیک کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ کے اندر ملک بدر کردیا جائے گا، فرانس میں پاکستان کا سفیر تعینات نہیں ہوگا، تمام فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا، تحریک لبیک کے گرفتار کارکنان کو فوری رہا کردیا جائے گا بعدازاں اس مارچ کے شرکا پر کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جائے گا۔

جس جہدوجد کے لیے آئے تھے اس میں کامیابی مل گئی، شفیق امینی

معاہدے کے بعد فیض آباد دھرنا کے شرکا سے خطاب میں تحریک لبیک خیبر پختون خوا کے امیر شفیق امینی نے کہا کہ جس جہدوجد کے لیے ہم آئے تھے ہمیں کامیابی ملی ہے، ہم سے وزیر داخلہ، وزیر مذہبی امور اور ڈی سی کمشنر نے تحریری معاہدہ کیا ہے، فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ منظور ہو چکا ہے۔ اس خطاب کے بعد اسٹیج سے معاہدے کی تمام شقیں پڑھ کر سنائی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here