ممبئی:
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو بچپن میں راہگیروں نے بھکارن سمجھ کر پیسے دے دیے تھے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ سارہ علی خان نے اپنے بچپن کا ناخوشگوار واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ بیرون ملک چھٹیاں منانے کے لیے موجود تھیں جہاں ان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس کو وہ کبھی نہیں بھلا سکتی۔
سارہ علی خان نے بتایا کہ چھٹیاں گزارنے بیرون ملک موجودگی کے دوران ایک روز کچھ سامان خریدنے کی غرض سے ہمارے والدین مجھے اور میرے چھوٹے بھائی کو ایک اسٹور لے گئے اور وہ لوگ ہمیں باہر کھڑا کرکے خود اندر چلے گئے، میرا چھوٹا بھائی ابراہم واکر میں تھا اور میں نے اچانک ہی ڈانس کرنا شروع کردیا تو وہاں موجود لوگ ہمیں بھکاری سمجھ کر پیسے دینے لگے۔
سارہ نے کہا کہ مجھے اس وقت احساس ہوا کہ ڈانس کی وجہ سے مجھے پیسے مل رہے ہیں اس لیے میں رکنے کے بجائے جان بوجھ کر ڈانس کرتی رہی، اس دوران جب میرے والدین اسٹور سے باہر آئے تو کسی نے انہیں بتایا کہ سارہ سب کو اتنی پیار لگ رہی ہے کہ لوگ اسے پیسے دے رہے ہیں۔
راہ گیر کی بات پر میری والدہ (امریتا سنگھ) نے غصیلے انداز کے ساتھ کہا کہ لوگ اسے پیاری اور معصوم سمجھ کر نہیں بلکہ بھکارن لگنے کی وجہ سے پیسے دے رہے ہیں۔