کراچی:
ڈالر کے انٹربینک ریٹ کمی سے 150 روپے91 پیسے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر80 پیسے کی کمی سے151 روپے70 پر بند ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈالرسوشل میڈیا پر ڈالر نہ خریدنے کی مہم بھی روپے کی قدر کےاستحکام میں کارآمد ثابت ہوئی ہے، انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ہونے لگا ہے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں جمعہ کو پورا دن ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کا شکار رہی، کاروبار کے آغاز پر15 پیسے بڑھ کر 151 روپے60 پیسے پر آگیا تھا، لیکن اس کے بعد ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں تنزلی کا عمل شروع ہوا جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 75 پیسے کی کمی سے150 روپے70 پیسے کی سطح پر آگیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالرکے انٹربینک ریٹ مزید 54 پیسے کی کمی سے 150 روپے91 پیسے پر بند ہوا۔
دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدرتنزلی سے دوچار ہوئی، جمعہ کوکاروبار کے ابتدا میں ڈالر کی قدر50 پیسے گھٹ کر152 روپے کا ہو گیا تھا، جب کہ کاروبار کے اختتام پر اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر80 پیسے کی کمی سے151 روپے70 پربند ہوا۔
فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں 50 سے 70 لاکھ ڈالر کی فروخت کےلیے پیشگی بکنگ کی گئی ہے جس سے ڈالر کی فروخت میں اضافہ نظر آرہا ہے، اگر ڈالر کی فروخت کا یہی تسلسل برقرار رہا تو آئندہ ہفتے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈاکر کی قدر میں مزید 4 تا 5 روپے کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل تک بیرونی قرضوں اور درآمدی بلوں کی مد میں بھاری ادائیگیوں کے لیے انٹربینک مارکیٹ سےڈالر کی وسیع پیمانے پر خریداری کی گئی تھی جس سے ڈالر کی قدر میں ساڑھے7 فیصد کا اضافہ ہوا، اور ڈالر بلحاظ قدر اپنی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن اب ڈالر کی قدرمیں اضافے کاتسلسل رک گیا ہے۔