ممبئی:
بھارتی دارالحکومت نیو دہلی میں کلب کے باہر چند افراد کے ہاتھوں پٹائی پر بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کا ردعمل سامنے آگیا۔
گزشتہ روز بھارتی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ تیزی سے وائرل ہوئی تھی جس میں نیودہلی میں کلب کے باہر چند افراد ایک شخص کو بری طرح پیٹ رہے تھے۔ حالانکہ ویڈیو میں اس شخص کا چہرہ صاف نظر نہیں آرہا تھا لیکن سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن ہیں۔
اجے دیوگن نے اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے نیو دہلی میں کلب کے باہر جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے ایسا لگتا ہے میرا کوئی ہم شکل مشکل میں ہے۔ مجھے جھگڑے سے متعلق کالز موصول ہورہی ہیں۔
اجے دیوگن نے مزید لکھا میں واضح کردینا چاہتاہوں کہ میں نے کہیں بھی سفر نہیں کیا۔ میرے بارے میں جھگڑا ہونے سے متعلق تمام رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اجے دیوگن نے تمام لوگوں کوہولی کی مبارکباد دی۔
دوسری جانب اجے دیوگن کی ٹیم نے گزشتہ روز ہی اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی میں کلب کے باہر اداکار کے جھگڑے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ویڈیو میں نظر آنے والا شخص اجے دیو گن کا ہم شکل ہوسکتا ہے تاہم اداکار کا اس لڑائی سے کوئی تعلق نہیں ہے کیوں کہ اجے فلم کی شوٹنگ کے لیے گزشتہ 14 مہینوں سے نیو دہلی سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ وہ اپنی فلموں ’’میدان‘‘، ’’مے ڈے‘‘ اور ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں ممبئی میں ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ٹوئٹر پر کسانوں کے احتجاج کے معاملے پر اجے دیوگن اور ایک صارف کے درمیان نوک جھوک ہوئی تھی جس کے بعد صارف نے فلم کی شوٹنگ کے دوران اجے دیو گن کی کار کا راستہ روکا تھا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صارف کو گرفتار کرلیا تھا۔