ہر انسان زندگی کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔پہلے ہم خود بچے ہوتے ہیں۔دعا ہوتی ہے کے بڑے ہوں اچھی تعلیم حاصل کریں۔اچھی زندگی گزاریںپھر اپنے بچوں کے لیے دعا ہوتی ہے کہ نیک صالح صحت مند اولاد ہو۔جب یہ بچے بڑے ہوتے ہیں تو تعلیم وتربیت اور اچھی زندگی کی دعا کی جاتی ہے۔اچھے نیک رشتوں کی دعائیں کی جاتی ہیں۔زندگی کو بہتر بنانے کے لیے انسان دعا بھی کرتا ہے اور کوشش بھی کرتا ہے۔آج کل کے زمانے میں امریکہ کی تیز رفتار زندگی میں حالات کچھ ایسا موڑ اختیار کرتے ہیں کہ بہت کم میاں بیوی ایک دوسرے کے ساتھ اچھی محبت بھری بھرپور زندگی گزارتے ہیں۔ویسے تو محبت پیدا کرنے کے لیے ایک دوسرے کو سمجھنا اور ایک دوسرے کے ساتھ بے لوث بے غرضی رہنا بہت ضروری ہے۔ایک کی تکلیف دوسرے کی تکلیف ہو ،ایک کا دُکھ دوسرے کا دکھ ہو مگر میاں بیوی میں محبت پیدا کرنے کا آسان نسخہ یہ ہے کے دونوں ایک دوسرے کے لیے دعائیں کرتے رہیں۔انشاء اللہ چند دنوں میں ایسی محبت پیدا ہوجائے گی کہ جس کا دونوں کو وہم وگمان بھی نہیں ہوگا۔ایک کتاب پڑھ رہی تھی تو اس میں بہت اچھی دعائیں کسی اللہ کے نیک بندے نے لکھی تھیں۔میں نے سوچا ہماری قارئین بہنیں بھی انہیں پڑھ لیں۔یاد رکھیئے اینٹ کو اینٹ سے ملانے کیلئے سیمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔لکڑی کو لکڑی سے ملانے کے لیے کیل کی ضرورت ہوتی ہے۔کاغذ کو کاغذ سے ملانے کے لیے گوند کی ضرورت ہوتی ہے۔اسی طرح دو دلوں کو ملانے کے لیے خلوص اور محبت کی گوند چاہئے ہوتی ہے۔ایک دوسرے پر یقین کی کیل ٹھوکنی ہوتی ہے اور اللہ کے خاص فضل کی ضرورت ہوتی ہے۔یہ فضل آپ کے اعمال سے آپ کے لیے اُترتا ہے،اس کے لیے دعائیں کریں۔ایک دوسرے کو معاف کرنے کا رویہ اپنائیں ایک دوسرے کو اپنے حالات سے مجبو رسمجھ کراس کو بے قصور سمجھنے کی کوشش کریں۔اس کی غلطیوں پر دل میں اس کے خلاف اُٹھنے والے غم وغصے کے جذبات کو پیار ومحبت ،شفقت ورحمت کی تھپکی دے کر سلا دیں۔اور دعائیں یاد کریں،خاص طور سے یہ رمضان کا مہینہ ہے اس میں ضرور دعائیں مانگیں اور شوہر کے لیے دعائیں مانگیں اور یہ سوچیئے کہ یہ بھی اللہ کا بندہ ہے۔اگر میں اس کو چھوڑ کر چلی گئی تو کوئی اور مسلمان بہن اس کے نکاح میں آئے گی تو وہ بھی پریشان ہوگی کیوں نہ اللہ سے دعا کرکے اس کو نیک بنا لوں۔دعا میں بہت اثر ہے وہ نہ صرف آپ اپنے لیے بلکہ دوسری دوستوں کے اور جاننے والوں کے شوہروں کی ہدایت کے لیے بھی مانگ سکتی ہیں۔بہت ساری پیاری، عربی دعائیں ہیں جن کا ترجمعہ یہ ہے۔اے ہمارے رب عنایت فرما ہم کو ہماری بیوی یا شوہر اور اولاد کی طرف سے آنکھوں کی ٹھنڈک اور کر ہم کو پرہیز گاروں کا پیشوا یعنی ہمارے خاندان کو نیک بنا دے۔
یہ دعا بہت مبارک ہے ہم سب کو زندگی بھر یہ دعا مانگتے رہنا چاہئے۔
ایک بہت اچھی دعا جو لڑکی اور لڑکے کو مانگتے رہنا چاہئے۔ترجمعہ:اے اللہ میں تیری پناہ لیتی ہوں ایسے مکار دوست را میں برا شوہر بھی شامل ہے)جس کی آنکھیں مجھے دیکھیں اور اس کا دل میری ٹوہ میں لگا ہے(میرے عیب ڈھونڈنے کی ہر وقت فکر سوار ہو)اگر کوئی نیکی دیکھ لے تواس کو چھپائے اور برائی دیکھ لے تو اس کو پھیلاتا پھرے۔
٭٭٭