آہ…!!! حسن قریشی!!!

0
91
شمیم سیّد
شمیم سیّد

میری حسن قُریشی سے اتنی زیادہ بات چیت نہیں تھی پھر بھی وہ ہر محفل میں مجھے ہاتھ میں مائک تھامے بڑی خوش اخلاقی سے ملتا تھا اس نے بہت جلدی جلدی میں اپنے آپ کو ہیوسٹن کی کمیونٹی میں روشناس کرانے کی کوشش شروع کر دی تھی، شروع میں وہ وقار علی خان کیساتھ او پی ٹی وی میں کام کرتا تھا اور وقار علی خان نے اس کو ہیوسٹن میں اپنا نمائندہ چُنا تھا۔ وہ بہت ہی خوش لباس اور زیادہ تر وہ سوٹ میں ہی نظر آتا تھا۔ پچھلے دنوں وہ پاکستان بھی گیا ہوا تھا اور وہاں کی کچھ تصاویر اس نے اپنے فولڈر میں ڈالی تھیں اور وہ سمندرکے کنارے بھی تھری پیس سُوٹ پہنے ہوئے نظر آیا ،اس نے ہمارے ایک دوست جمیل صدیقی سے کہا بھی تھا کہ میں بہت جلد مشہور ہونا چاہتا ہوں ہر تقریب میں وہ لوگوں سے بات چیت کرتا ہوا نظر آتا تھا۔ تھوڑے ہی عرصے میں اس نے اپنا یو ٹیوب چینل مسلم ان ویسٹ، کے نام سے شروع کیا تھا اور اس کیلئے وہ بڑی محنت بھی کرتا تھا۔ پاکستان سے آنے کے بعد وہ بہت خوش تھا اس نے کئی کاروبار بھی کئے گفٹ شاپس بھی بنائیں اور آج کل ایک کنوینینس اسٹور بھی چلا رہا تھا اچانک فیس بک پر خبر آئی کہ حسن قریشی ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے انتقال فرما گئے ہیں پہلے تو یقین نہیں آیا کہ یہ کون حسن قریشی ہے جب تصویر دیکھی تو یقین آیا کہ وہ بہت ہی خوبصورت، خُوب سیرت، ہنس مُکھ، حسن قریشی جو ہر وقت مسکراتا رہا تھا وہ اتنی جلدی اپنے آپ کو مقبول دیکھنا چاہتا تھا لیکن موت نے اس کو اتنی جلدی گلے لگا لیا کہ وہ اپنی کامیابی کو اپنی نظروں سے دیکھتا، مرحوم کی عمر تقریباً 43 برس تھی شادی شدہ بچوں کا باپ بچے تو ابھی چھوٹے ہیں اس کی نماز جنازہ مسجد النور میں ہوئی خاصی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی لیکن افسوس ہماری کمیونٹی لیڈران جو اس کو انٹرویو دیتے ہوئے نظر آتے تھے ان میں سے بہت ہی کم تعداد وہاں موجود تھی شدید سردی کے باوجود پھر بھی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حسن قریشی تو جلدی چلا گیا مگر اپنے پیچھے اپنی بیوی اور بچوں کو چھوڑ گیا ہے اور جس اسٹور پر وہ کام کرتا تھا پارٹنر کیساتھ اللہ کرے کہ یہ افواہ غلط ہو کہ اس کا جو بھی حصہ ہے وہ اس کی بیوی اور بچوں کے نام کر دیا جائے اس سلسلے میں ہماری کمیونٹی کے لوگ آگے بڑھیں جن کے کاروبار ہیں اسٹور مالکان ہیں وہ اس کو اس کا حق دلوائیں مجھے امید ہے کہ ایسا کون سا پارٹنر ہوگا جو اس کو اس کا حق نہیں دے گا اللہ کرے کہ وہ جلد از جلد یہ کام کر دے حسن قریشی تو واپس نہیں آسکتا لیکن اس کے بیوی بچوں کا مستقبل تو بن جائیگا۔ اللہ تعالیٰ حسن قریشی کے درجات بلند کرے اور اس کی خواہش کو پورا کرے کہ وہ اپنی زندگی میں تو اتنا مشہور نہ ہو سکا لیکن اس ناگہانی موت سے وہ یقیناً مشہور ہو گیا ہے۔ اچانک ہارٹ فیل ہونے کی یہ تیسری اطلاع ہے جسے ہمارے شمشاد ولی اس کے بعد امتیاز احسن کے بہنوئی پچھلے ہفتہ ڈیلاس میں ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے اور اب یہ تیسری خبر حسن قریشی لگتا ہے کہ کرونا کی وجہ سے لوگوں کو ہارٹ اٹیک ہو رہا ہے لیکن ہم لوگ اب بھی نہیں سمجھ پا رہے اومی کرون بھی تیزی سے پھیل رہا ہے ویکسین لگوانے کے باوجود لوگوں کو کرونا ہو رہا ہے اور احتیاطی تدابیر نہیں ہو رہی جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی خدا کیلئے ویکسین لگوائیں کم از کم ویکسیئن لگوانے سے بچت ہو جاتی ہے اس دفعہ کرسمس اور نیوایئر سے پہلے جو رش دیکھنے کو ملا ہے اس سے پہلے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے ٹیسٹ نہیں کروائے۔ ہر ایک میل کے بعد سینٹر بنے ہوئے تھے اور لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں اب ذرا کمی آئی ہے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس بیماری سے تمام لوگوں کو محفوظ رکھے اور خاص طور پر جہاں بھی جائیں ماسک ضرور لگا کر جائیں وہ بہت ضروری ہے مسجدوں میں بھی دوبارہ سے ایس او پیز پر عمل کروایا جا رہا ہے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here