ہیوسٹن میں سب سے بڑا افطار اجتماع!!!

0
282
شمیم سیّد
شمیم سیّد

یوں تو ہیوسٹن میں بہت ساری افطار پارٹیاں ہوتی ہیں اور ہماری کمیونٹی ہر جگہ جاتی ہے لیکن یہ افطار پارٹی جو ہیوسٹن میئر کی جانب سے ہوتی ہے اس کا انتظار ہماری کمیونٹی کو زیادہ رہتا ہے ویسے تو یہ افطار پچھلے 23 سالوں سے ہو رہی ہے اور اس میں تمام مکاتب فکر اور تمام مختلف مذاہب کے لوگو کی شرکت ہوتی ہے جس سے اس افطار کا جشن نکھر جاتا ہے۔ لیکن پچھلے بارہ سالوں سے جب سے ہمارے ہیوسٹن کی زبردست شخصیت جو بہت ہی آرگنائز ہیں اور اس شہر میں بڑے بڑے پروگراموں کو جس خوبصورتی سے آرگنائز کرتے ہیں وہ صرف ان کا ہی حصہ ہے وہ ہیں سعید شیخ جو کہ واقعی مبارکباد کے مستحق ہیں جب سے وہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر منتخب ہوئے ہیں انہوں نے جتنی محنت سے اس افطار ڈنر کو پائیۂ تکمیل تک پہنچایا ہے وہ صرف ان کا ہی حصہ ہے اس راستے میں ان کو بہت مشکلات بھی پیش آئیں لیکن وہ اُن مشکلات پر قابو پاتے رہے اور اب جا کر وہ میئر آف ہیوسٹن کے تعاون سے یہ خوبصورت افطار ڈنر کو ہر سال پیش کرتے ہیں جس میں وہ ہیوسٹن کی تمام مذہبی جماعتوں اور عام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں لیکن ان کیساتھ جو سپہ سالار ہیں اگر ان کی معاونت نہ ہو تو یہ افطار ڈنر پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا اور وہ ہیں ہماری پاکستانیوں کی جان جو پاکستان کے نام پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں اللہ تعالیٰ نے ان کو جتنا نوازا ہے وہ صرف اور صرف ان کی محنت، ایمانداری، اور اللہ کی راہ میں بلا تفریق لوگوں کی مدد، ضرورت مندوں کی فکر کرنا ہی وہ چیزیں ہیں جو ان کو اس مقام پر لائی ہیں اور آج امریکہ کیا پورے پاکستان میں ان کا نام عزت و احترام سے لیا جاتا ہے اور پچھلے سال ان کو حکومت پاکستان نے تمغۂ امتیاز سے نوازا تھا وہ ہیں مڈلینڈ انرجی کے روح رواں جناب جاوید انور جو پچھلے بارہ سالوں سے اس افطار ڈنر کا تمام خرچہ اُٹھاتے ہیں اور اس افطار ڈنر میں شرکت بھی کرتے ہیں لوگ باتیں بھی کرتے ہیں کہ اگر جاوید انور کی مدد نہ ہو تو کیا سعید شیخ اتنا بڑا پروگرام کر سکتے ہیں یقیناً جاوید انور کا ساتھ سعید شیخ کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور سعید شیخ کی ایمانداری اور محنت کو دیکھ کر ہی جاوید انور صاحب سعید شیخ کی کسی بات کو نہیں ٹالتے انہیں معلوم ہے سعید شیخ میں وہ قابلیت ہے اور سب سے بڑی چیز اس کی ایمانداری ہے وہ جس ایمانداری سے پروگرام کرتا ہے اس شہر میں تو کوئی اور دوسرا مجھے نظر نہیں آتا۔ اس بار جتنا میئر ہیوسٹن سلوسٹر ٹیرنر نے جہاں سعید شیخ کو خراج تحسین پیش کیا وہاں جناب جاوید انور کے تعاون پر بہت زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو بہت سراہا۔ بایو ایونٹ سنٹر کے خوبصورت ہال میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جہاں 50 سے زیادہ تنظیموں نے مل کر اس پروگرام میں حصہ لیا جن میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی، آئی ایس جی ایچ، اسماعیلی کونسل اور بوہرا کمیونٹی نمایاں تھیں ان کے علاوہ رکن کانگریس مین الگرین، منتخب نمائندوں کے علاوہ غیر ملکی سفارتکار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریباً دو ہزار افراد وہاں موجود تھے۔ اس موقع پر میئر سلوسٹر ٹرنر اور رکن کانگریس ایل گرین نے افطار ڈنر کے منظم انعقاد پر گراں قدر مالی تعاون پر آئل ٹائیکون جاوید انور کا اور کوآرڈینیٹر سعید شیخ اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تعریفی شیلڈ بھی پیش کی۔ میئر ہیوسٹن نے کہا کہ امریکہ کا کوئی بھی شہر اس وقت تک عظیم شہر قرار نہیں دیا جا سکتا جب تک وہاں مسلمانوں کی نمائندگی نہ ہو کیونکہ مسلمان امریکی معاشہر کا کلیدی حصہ ہیں۔ اور اس سے بڑھ کر کانگریس مینا یل گرین نے تو حد ہی کر دی کیونکہ ایل گرین ہمیشہ مسلمانوں کیلئے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہوتے ہیں اور امریکی مسلمانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکہ کا صدر مسلمان دیکھیں گے۔ جاوید انور صاحب نے بھی میئر ہیوسٹن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ سعید شیخ نے ہر سال مالی تعاون پر جناب جاوید انور سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ سال افطار ڈنر کیلئے جارج برائون سنٹر میں 3 ہزار افراد کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ جس پر وہاں موجود لوگوں نے زبردست خوشی کا اظہار کیا۔ جس طرح سعید شیخ کا ساتھ ہمارے ٹیمپورا ریسٹورنٹ کے مالک اسرار سعید دیتے ہیں اور وہ عمدہ کھانوں سے وہاں موجود لوگوں کی خاطر تواضع کرتے ہیں وہ بھی اس ایونٹ کا بہت بڑا حصہ ہوتے ہیں۔ اس عمدہ پروگرام پر پاکستان نیوز کی جانب سے سعید شیخ کو بہت مبارکباد اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو صحت و تندرستی دے تاکہ وہ یہ پروگرام ہمیشہ کرتے رہیں۔ آمین۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here