سپین کا غیر ملکیوں کیلئے ورک پرمٹ قوانین نرم کرنے پر غور

0
305

اسلام آباد(پاکستان نیوز)سپین غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ کے قوانین میں نرمی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سپین کے وزیر برائے سماجی تحفظ اور مائیگریشن جوز لوئس ایسکریوا نے کہا ہے کہ سیاحت اور تعمیرات جیسی صنعتوں میں مزدوروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے سپین کی حکومت ایسے شعبوں کے لیے مزید عارضی ویزاے دینے کا ارادہ رکھتی ہے جن کو کارکنوں کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ ہم جہاں بہتری کی گنجائش ہے مائیگریشن کے قانون کے مختلف پہلوں کا جائزہ لے رہے ہیں ،سپین میں لیبر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ہم ایسے غیر ملکی لیبر کو اجازت دے کر ورک پرمٹ تک رسائی کی سہولت فراہم کریں گے جو خاندان، رہائش یا کم از کم دو سال کام کے ذریعے سپین سے سابقہ تعلق ظاہر کر سکتے ہیں، چاہے یہ غیر رسمی ہی کیوں نہ ہو۔سپین میں ا س وقت ٹیلی مارکیٹرز، سیلز کے نمائندوں، ڈیلیوری گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور سافٹ ویئر ڈویلپرز اور ہوٹلز میں صفائی و ستھرائی ملازمین کی بہت ضرورت ہے ۔سپین کی معیشت یورو زون میں کورونا وبائی مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی، 2020 میں اس کی معیشت 11 فیصد سکڑ گئی۔ سپین کے پاس پہلے سے ہی مراکش، ایکواڈور اور کولمبیا جیسے ممالک کے ساتھ مائیگریشن کے پروگرام ہیں جبکہ وسطی امریکی ممالک کے لیے عارضی ورک ویزوں میں توسیع بھی کی جا رہی ہے۔ ہونڈوراس کے ساتھ ایک نیا پائلٹ پروگرام اس سال شروع ہوا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here