اکشے کمار مقبولیت کے معاملے میں بالی ووڈ خانز کے بعد آتے ہیں لیکن کمائی کے معاملے میں انہوں نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بین الاقوامی جریدے فوربز نے ہر سال کی طرح رواں برس کی گزشتہ ایک برس کے دوران سب سے زیادہ کمانے والے فنکاروں اور کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی ہے۔ رواں برس ٹیلر سوئفٹ نے کمائی کے معاملے میں دنیا بھر کے فنکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فوربس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے اپنے فن سے ایک سال کے دوران 185 ملین ڈالر کی کمائی جب کہ دوسرے نمبر پر بین الاقوامی کاسمیٹک برانڈ کی بانی کیلی جینر 170 ملین ڈالر کے ساتھ برا جمان ہیں، لیجنڈ فٹ بالر لیونیل میسی 127 ملین ڈالر کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر شامل ہیں۔
دنیا کے سب سے زیادہ کماؤ اداکاروں اور کھلاڑیوں کی فہرست میں بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والا صرف ایک ہی شخص شامل ہے اور وہ کوئی خان نہیں بلکہ اکشے کمار ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس 65 ملین ڈالر کمائے اور وہ اس فہرست میں 33ویں نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ فوربز نے 2019 کی فہرست مرتب کرتے ہوئے جون 2018 سے لے کر جون 2019 تک ٹیکس کٹوتی سے پہلے کی آمدنی کو شمار کیا ہے۔