ضرب کلیمی کی ضرورت!!!

0
288
سردار محمد نصراللہ

قارئین وطن! عمران خان صاحب کا ایک اور معرکہ کمال پر کمال کر رہے ہیں ۔ یہ تو زرداری اور شہباز شریف کی فطرت میں دھاندلی رچی بسی ہے ورنہ ملیر کراچی والی نشست بھی خان کی ہوتی ،اس ریفرنڈم نے ایک بات تو طے کر لی ہے کہ انہیں ہر حال میں ایک خود مختار اور آزاد پاکستان چاہئیے جو حضرت قائد اعظم کا وزن تھا ۔ سالوں بعد اس اجڑے چمن کو دیدہ ور ملا جس نے ٹھان لی ہے کہ ملک کو چوروں ڈاکوں لٹیروں اور خائین نام نہاد حکمرانوں سے نجات دلوا کر ہی دم لے گا یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم کے ٹولہ کو یہ جری ایک آنکھ نہیں بھاتا ۔ کل کے ریفرنڈم نے اور جولائی کے ریفرنڈم نے ثابت کر دیا ہے اب یہ انقلاب کے پہاڑوں سے اترنے والا پانی رکنے کا نہیں اور پاکستان کے گند کو بہا کر لے جائے گا۔
قارئین وطن! کل کی شاندار کامیابی کے بعد اب اسٹیبلشمنٹ سول ہو یا خاکی دونوں کو مل کر خان صاحب سے وطن کی بہتری کے لئے معاملات طے کر لینے چاہئیں، اس سے پہلے کہ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ جائے، خاص طور پر معاشی صورت حال جس تیزی کے ساتھ دگر گوں ہوتی جارہی ہے بجلی اور تیل کی قیمتوں نے ایسی آگ لگائی ہوئی ہے کہ ڈر ہے کہ کہیں ہماری خاک کو جلا کر راکھ نہ کر دے لیکن ایسا لگتا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو کروڑوں لوگوں پر مسلط کرنے والوں کے کانوں میں انقلاب کی دھمک نہیں پڑ رہی ہے لہٰذا عمران خان جس کو حق تعالیٰ نے عصائے موسوی عطا کی ہے کہ قوم کو لانگ مارچ کے لئے باہر لے آئے ورنہ اگر قوم ایک بار پھر بد دل ہوگئی تو خان صاحب پھر جتنا مرضی زور لگا لیں قوم آپ کو بھی بلف ہی سمجھے گی اور پھر سونے کا بھی بن کر کوئی انقلابی میدان میں اترا انہوں نے اس پر یقین نہیں کرنا آج لوہا گرم ہے ضرب کلیمی کی ضرورت ہے آپ اللہ کا نام لیں اور نکل آئیں کہ انکل ٹام کے یہ پالے پوسے کب اپنی حرکتوں سے ٹلنے والے ہیں ۔
قارئین وطن! آج کل امپورٹڈ سرکار کے لفافائی قلم کار اور اور رنگین اسکرینوں پر کام کرنے والے اینکرز حضرات ہمیں انکل ٹام (بائیڈن)صاحب کی قیمتی اثاثوں والی دھمکی سے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں بظاہر تو معاشی تنگدستی کا چلن بھی یہی لگتا ہے کہ انکل ٹام واقعی ہمارے اثاثوں کو ہڑپ نہ کر لے لیکن وہ جانتا نہیں اس کی حفاظت ابابیلیں کر رہی ہیں کسی نے ان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھا یا نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی تو اس کی نسلیں برباد ہو جائیں گی، بھارت اور اسرائیل دونوں اپنا شوق آزما چکے ہیں اور ان کو منہ کی کھانی پڑی لہٰذا میری گزارش ہے لفافی جرنلسٹوں اور اینکروں سے کے خدارا قوم میں مایوسی مت پھیلائیں مایوسی کفر ہے ۔ عمران خان اٹھو قوم راہ میں کھڑی تمھارے اشارے کی منتظر ہے ،لگا نعرہ تکبیر اور چل پڑوکہ یہی پیغام جلی ہے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here