آج اس کالم کو لکھتے ہوئے مجھے بہت ہی دلی صدمہ پہنچ رہا ہے کہ اب تک تو ہم عید کے چاند پر ہی ایک نہیں ہوتے تھے لیکن شاید پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اس سال ربیع الاول کے چاند پر بھی بٹ گئے ہیں، ہم اپنی نئی نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ہماری نئی نسل ہم سے متنفر ہو رہی ہے اور ہماری اس کی وجہ صرف اور صرف علماء اکرام کے درمیان جو سرد جنگ چل رہی ہے ،جب تک ہم وہ ختم نہیں کرینگے ،ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے ،میری تو یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے علماء اکرام میں محبت، اخوت پیدا کرے تاکہ یہ اختلافات ختم ہوں، تمام مساجد میں بارہ ربیع الاول 7 اکتوبر بروز جمعہ کو منائی گئی، سوائے ایک مسجد کے جو ہمارے اہلسنت کا گڑھ کہلاتی ہے۔ مسجد غوث الاعظم میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بارہ ربیع الاول نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی ،مسجد غوث اعظم کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ مسجد میں داخل ہوتے ہی لگا کہ ہم واقعی کسی خوبصورت محفل میں آگئے ہیں،سٹیج کو جس خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ،وہ اپنی مثال آپ تھا۔ تمام مسجد لوگوں سے بھری ہوئی تھی، نماز مغرب کے بعد کھانے کا انتظام کیا گیا تھا، اس میلاد مصطفی میں لوگوں کی شرکت اس وجہ سے بھی زیادہ ہوتی ہے کہ وہ لوگ جن کی استطاعت نہیں ہوتی ،وہ عمرہ کیلئے جانے کیلئے وہ اس اُمید پر آتے ہیں کہ شاید ان کا بلاو ا آجائے اور قرعہ اندازی میں ان کا نام نکل آئے اور ایسا ہی ہوا ہے کیونکہ ہر سال 20 لوگوں کو عمرہ کے ٹکٹ دیئے جاتے ہیں جن میں 10 عورتیں اور 10 مرد شامل ہوتے ہیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے حافظ مکرم نیازی نے کیا، علامہ سعید الحسن طاہر کی نظامت نے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ وہ انگلش و اردو میں خطاب کرتے ہیں اور خوبصورت اشعار بھی سناتے رہے، نعت پڑھنے کی سعادت ظفر نیازی نے اپنے خوبصورت انداز میں حاصل کی۔ منہاج القرآن کے صدر ٹیکساس حاجی ظفر اقبال نے تمام شرکاء اور استقبالیہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا خاص طور پر پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس بابرکت محفل میں تشریف لائے۔ قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے رضی نیازی بھائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام لوگوں کو پیدائش مصطفیۖ کی مبارکباد دی، خطاب کیلئے جامعہ سے فارغ التحصیل غلام محمد قمر الازہری کو دعوت دی گئی انہوں نے بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے خوبصورت خطاب فرمایا، سید اسماعیل ہمدانی نے بھی خوبصورت نعت پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
منہاج القرآن چلڈرن کونسل کے بچوں نے مل کر خوبصورت نعت پیش کی جس کو وہاں موجود شرکاء نے خُوب سراہا۔ اب باری تھی ہیوسٹن کے مشہور امام وزیر کی جو ہر سال ربیع الاول کی اس بابرکت محفل میں شرکت کرتے ہیں انہوں نے اپنے پُرجوش خطاب میں ذکر کیا کہ وہ سب سے پہلے 2008 میں شاہد سنی کی دعوت پر تشریف لائے تھے ،اس کے بعد سے رضی نیازی بھائی کے ساتھ تعلق بن گیا اور وہ اب باقاعدگی سے آتے ہیں، انہوں نے اپنے خطاب میں حضورۖ کی سیرت پاک کے مختلف پہلوئوں کو اُجاگر کیا۔ اس بار پاکستان سے انٹرنیشنل نعت خواں سید فصیح الدین سہروردی کو مدعو کیا گیا تھا۔ فصیح الدین سہروردی کا اپنا خوبصورت اندا زہے اور انہوں نے اپنے والد محترم سید ریاض الدین سہروردی مرحوم کی خوبصورت نعتوں سے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ 50 منٹ تک انہوں نے خوبصورت حمد و نعت منقبت سنائیں، علامہ افضال قادری نے دعا فرمائی۔
قرعہ اندازی کے ذریعے 10 خوش نصیب لوگوں کو عمرہ کے ٹکٹ دیئے گئے ،ٹکٹ کا انتظام ریان ٹریول ایجنسی کے عزیز نے کیا۔ 10 ٹکٹ خواتین میں دیئے گئے آخر میں درود و سلام کے ورد کیساتھ لوگوں کو موئے مبارک کی زیارت کرائی گئی، سلام نیازی بھائی نے پڑھا اور اس طرح یہ خوبصورت محفل اختتام کو پہنچی، لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے نہایت عقیدت و احترام کیساتھ عید میلاد النبیۖ کی تقریب میں شرکت کی۔
٭٭٭