سعودی ٹیم کو سخت ٹریننگ کی ضرورت ہے!!!

0
187
حیدر علی
حیدر علی

گذشتہ کل تک سعودی عرب میدان سوکر میں ایک عقاب کی مانند جھپٹا مار رہا تھا لیکن آج وہ ایک کٹی پتنگ بن گیا ہے جس کی نہ کوئی منزل ہے نہ کوئی راہ.سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ورلڈ کپ میں شکست نہ دی کہ وہاں عید الفطر جیسا سماں پیدا ہوگیا تھا. گھروں میں خاص قسم کے پکوان سے خاطر مدارات شروع ہوگئیں تھیںجو صرف تہواروں یا شادی کی تقریب میں پیش کی جاتیں ہیں. بیگمات جو حجاب یا برقعہ سے اپنے چہروں کو چھپاتی پھرتی تھیں وہ لبوں پر شوخ لپ اِسٹک لگاکر جلوہ افروز ہوگئیں تھیں. شوہر حضرات یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے تھے کہ اگر ارجنٹینا کو شکست دینے کے عوض ایک اور بچے کی افزائش کر دی جائے تو کیا مضائقہ ہے. وہ بیگم کو یہ حکم دینے لگے تھے کہ سنو وہ قہوے میں شہد اور کافی مقدار میں دودھ دے کر مجھے رات میں دینا. بیگمات سمجھ گئیں کہ شیخ کا ارادہ کیا ہے۔
سعودی عرب میں جیتنے کی خوشی میں ایک دِن عام تعطیل کا حکم دے دیا گیا تھا. ماہرین تعلیم کا کہنا تھا کہ جب تک ورلڈ کپ جاری رہیگا اُس دِن تک روزانہ ہی تعطیل رہیگی اور بچے خواب میں بھی سوکر کھیل کا مقابلہ دیکھتے رہینگے. وہ مقابلہ دیکھنے یا سوکر پر بحث و مباحثہ کرنے کے ساتھ ساتھ خود بھی سوکر کھیلیں ِ، کم ازکم اُن کی صحت تو اچھی رہیگی اور جسم پر موٹاپا بھی حاوی نہیں ہوگا. سعودی عرب کی تمام دردیوار ، شہر کے تمام مرکزی دروازے آج بھی بڑے بڑے بینروں سے دلہن بنی ہوئی ہیں، جن پر تحریر ہے کہ” صرف فاتح ٹیم اِس دروازے سے گذرتی ہے ”اور ” ارجنٹینا کی شکست ہماری فتح کی نوید ہے ”،” ہم نے میسی کا بُت پاش پاش کردیا ہے ”” ورلڈ کپ ہمارا ہے ہمارا ہے ”۔
شاید ہی کوئی سعودی ہو جو اِس خوشی میں شامل نہ تھا. یہ سعودی حکومت کا خاصا ہے کہ وہ اپنے ہر شہری کو خوش رکھنا چاہتی ہے.بسیں جو ایک شہر سے دوسرے شہر پہنچتی ہیں تو وہاں کی انتظامیہ کی جانب سے تمام مسافروں کی کھجور، بادام پستہ اور دوسرے میوہ جات سے تواضع کی جاتی ہے اور پھر اُنہیں چائے یا قہوہ نوش کرنے کیلئے دیا جاتا ہے. ایک مقام پر جہاں بس رکی تو اُس وقت وہاں رات کا وقت تھا.لیکن پھر بھی مسافروں کی خاطر مدارت شروع ہوگئی . ایک پاکستانی جس نے کھانا نہیں کھایا تھا کہا کہ اُسے کھجور یا میوہ جات نہیں چاہیے، اُسے فلفل کھانا ہے. ایک اہلکار نے فورا”اپنے دوسرے ساتھی کو فلفل لانے کا کہا جو پانچ میل کے دور کے فاصلے پر ایک ریسٹورنٹ میں دستیاب تھا. بس آگے جانے کیلئے ایک گھنٹے تک انتظار کرتی رہی ، لیکن پاکستانی نے سیر ہوکر فلفل کھا لیا۔ادھر ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ نے الزام لگایا ہے کہ اُن کے کھلاڑیوں کو ہپناٹائیز کر دیا گیا تھا. وہ رات ہی کو ڈراؤنا خواب دیکھنے لگے تھے. اُنہیں جگہ با جگہ انسانوں کی کھونپڑیاں نظر آرہی تھیں. اور وہ کھونپڑیاں خوفناک قسم کی آوازیں نکال رہیں تھیں. کئی کھلاڑیوں کو باتھ روم میں جنات نے اٹھا کر پٹخ دیا تھا جس سے اُن کی پشت میں درد ہونے لگی تھی، اوروہ صحیح طور پر نہیں کھیل سکے تھے. کوچ نے مزید کہا کہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ میدان میں اُترنے سے قبل دُعا مانگ لیا کریں . لیکن بعض کھلاڑی ملحد ہیں جو اچھے مشورے کو خاطر میں نہیں لاتے ، اُنہیں صرف اپنے کھیل پر بھروسہ ہے . اُنہیں ہی یہ سبق مل گیا ہے . دوسری جانب بنگلہ دیش کے پیر جلال عکس بندی نے دعوی کیا ہے کہ اُنہوں ہی نے
ارجنٹینا کی ٹیم پر کالی مائی کے جادو سے وار کر وایا تھا جس کی وجہ کر اُنہیں شکست ہوگئی تھی اور سعودی عرب میچ جیت گیا ۔
بہر کیف ابھی شائقین سوکر ارجنٹینا کی شکست کی وجہ تلاش کر رہے تھے کہ ورلڈ کپ کی 4 مرتبہ کی فاتح ٹیم جرمنی کو جاپان سے ایک گول کی شکست ہوگئی اور اِس سے ساری دنیا میں ایک بھونچال آگیا، بلاشبہ جرمنی کی ٹیم میں دنیا کے مشہور سوکر کے کھلاڑی کھیل رہے تھے.بالفاظ دیگر سوکر کے بڑے بڑے مہرے بے دریغ پٹ رہے ہیں، بعد ازاں سعودی عرب کی ٹیم کا پولینڈ کے ہاتھوں شکست کھا جانا قیاس ازبعید نہ تھا. ابھی سعودی عرب کی ٹیم کو بہت کچھ سیکھنا باقی ہے. شائقین سوکر کو توقع اِس بات کی تھی سعودی عربیہ کی ٹیم پہلے سے بھی زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی ، لیکن حالات اِسکے بر مخالف نظر آئے مذکورہ ٹیم کے کھلاڑی نے پینالٹی کِک کو بھی مِس کردیا جس سے اُس ٹیم کا بھرم پھوٹ کر رہ گیا، ورلڈکپ کے میچوں میں 80 فیصد پینالٹی کِک اسکور بننے کے باعث بنتے ہیں،اِسکے علاوہ کھلاڑیوں کی متواتر کِک گول کے اوپر سے یا دائیں بائیں سے گذر جاتی تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سعودی عربیہ کی سوکر ٹیم کو دنیا میں نام روشن کرنا ہے یا اِسی طرح کا گھٹیا کھیل پیش کر کے زندہ رہنا ہے، میں تو سمجھتا ہوں کہ سعودی ٹیم میں 80 فیصد کھلاڑیوں کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔
شائقین سوکر کو گذشتہ ہفتے چند مایوس کُن کھیل دیکھنے پڑ گئے جن میں انگلینڈ اور امریکا کا میچ ایک تھا، ایسا معلوم ہورہا تھا کہ میچ فکسڈ ہے تاہم بہت جلد یہ دونوں ممالک دوسرے ملک کی ٹیموں کے ساتھ کھیلیں گے اور اپنی صلاحیت کا پردہ چاک کر دینگے. بہترین میچ میں ارجنٹینا اور میکسیکو کا مقابلہ قابل قدر رہا جس میں ارجنٹینا کی ٹیم نے میکسیکو کو 2 خوبصورت کِک سے شکست دے دی. ایک کِک میسی کی کی جانب سے تھی تاوقت قطر کا ورلڈ کپ جتنی کامیابی کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے اُسکے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، صرف میکسیکوسے 91 ہزار افراد اِس میں شرکت کیلئے تشریف لائے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here