خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنھا

0
124

سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی عظمت شان صرف دنیا ہی تک محدود نہیں بلکہ کل روز قیامت بھی آپ کی رفعت وبرتری کی تجلیات بکھرتی نظر آئیں گی۔بروز حشر اہل محشر کو کئی مشکل سے مشکل تر مراحل سے گزرنا ہوگا، ان مراحل میں پل صراط کا بھی ایک دشوار گزار مرحلہ ہے۔ اس پل سے متعلق حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمہ اپنی مایہ ناز تصنیف لطیف بہار شریعت کی جلد اول میں رقم طراز ہیں کہ صراط حق ہے۔ یہ ایک پل ہے کہ پشت جہنم پر نصب کیا جائے گا۔ بال سے زیادہ باریک اور تلوار سے زیادہ تیز ہوگا۔ اس سلسلے میں مزید آپ فرماتے ہیں کہ جنت میں جانے کا یہی راستہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ جو اس پر چل نہ پائے گا وہ جنت کے بجائے جہنم میں گر جائے گا۔ اس لیے یہ بات احادیث سے ثابت ہے کہ پل صراط سے کافر گزر نہ سکے گا۔ برخلاف کافر کے مومنین اس پل کو عبور کر جائیں گے مگر اپنے اعمال کے اعتبار سے مختلف طریقوں پر۔ مثلاً بعض ایسے گزر جائیں گے جیسے گھوڑ ادوڑتا ہے، بعض ایسے جیسے آدمی خوب تیز رفتار سے چلتا ہے، بعض چیونٹی کی طرح انتہائی آہستہ آہستہ اور بعض گرتے پڑتے کانپتے ہانپتے لنگڑاتے ہوئے۔ لیکن خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنھا کے بارے میں مندرج ہے کہ بروز قیامت سیدہ پل صراط سے بجلی کوندنے کی کی طرح تنہا نہیں بلکہ ستر ہزار حوروں کے جھرمٹ میں گذر جائیں گی۔ جب آپ گذریں گی تو اس وقت باطن عرش سے ندا آئے گی جیسا کہ اسی صواعق محرقہ میں حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ بروز حشر ندایوں آئے گی۔ اے محشر والو سربہ خم ہو جائو اپنی آنکھیں بند کر لوتا کہ فاطمہ بنت محمد ۖ پل صراط عبور کر جائیں،سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی عظمت و رفعت پر احادیث اس قدر وقیع وکثیر ہیں کہ اس مختصر سے مقالے میں ان کا احاطہ کرنا ممکن نہیں پھر کسی موقع سے انشاء اللہ بشرط زندگی تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس ماہ صیام میں سیدہ طیبہ طاہرہ زاہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کے فیوض وبرکات سے ہمیں مالا مال فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلینۖ۔
اس مختصر مقالے کا اختتام شعر رضا سیدہ زاہرہ طیبہ طاہرہ جان احمد کی راحت پہ لاکھوں سلام پر جو میں نے تضمین کی ہے اس پر کرنا چاہوں گا۔
قدسی حضرات حسنین کی والدہ
مرشدہ راضیہ مرضیہ راشدہ
ناصحہ رافعہ صالحہ نافعہ
سیدہ زاہرہ طیبہ طاہرہ
جان احمد کی راحت پہ لاکھوں اسلام
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here