راجا کا بج گیا باجا

0
75
حیدر علی
حیدر علی

ایک بندہ گھبرایا ہوا پی سی بی کے چیئر مین رمیز راجا کے کمرے میں داخل ہوا اور کہا کہ ” سر جی دو درجن بندے آئے ہیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ آپ رضا کارانہ طور پر دفتر سے باہر نکل جائیں ورنہ وہ آپ کو اٹھاکر باہر پھینک دینگے. اُنکا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ کی ناعاقبت اندیشی کی وجہ کر پاکستان کو سیریز میں 0-3 سے شکست ہوئی ہے۔” رمیز راجا کا چہرہ غصے میں لال ہوگیا ، اُنہوں نے غصے میں کہا کہ” تو پھر یہاں کیا آئے ہو جائو مقابلہ کرو، بلّے برساؤ، سرخ و سفید بال پھینکو ، وکٹ سے حملہ کرو ، فاسٹ بالنگ کرو، دیکھنا کہ وہ خوف سے بھاگ جائینگے ” دوسرے بندے نے سرگوشی کی کہ ” سرجی وہ ہٹے کٹے مسٹنڈے پنجابی ہیں” رمیز راجہ نے چیخ کر کہا کہ میں بھی راجستھان کا راجپوت ہوں، کراٹے مارنا جانتا ہوں، ہرایک کی ہڈی پسلی توڑ کر ایک کردونگا، جائو جاکر اُنہیں کہہ دو کہ میں کہیں نہیں جاتا، یہ میرا دفتر ہے، میں یہیں بیٹھا رہونگا. ”
ایک بندہ رمیز راجا کے دفتر سے باہر نکل کر اُنکا پیغام حملہ آور کو پہنچانے کیلئے چلا گیا، درجنوں بندوں میں سے ایک نے اپنے سیل فون سے کسی کو کال کی اور کہا کہ ” وہ نہیں نکل رہے ہیں بلکہ ماردھاڑ کیلئے تیار ہیں. ” دوسری جانب سے قہقہے کی آواز سنائی دی اور پھر اُس نے کہا کہ ” کہو اُن کو کہ اگر وہ نہ نکلیں تو پاکستان کو نیوزی لینڈ سے بھی شکست ہوجائیگی،رمیز راجا اپنی بیگم سے ٹیلیفون پر گفتگو شروع کردی، بیگم نے اُنہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ” ایسی نوکری پر لعنت بھیجو جس میں کسی کو رخصت کرنے کیلئے فیئر ویل پارٹی کی بجائے اُسے نکالنے کیلئے غنڈے بھیج دئیے جاتے ہیں۔ ملک کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بھی یہی کچھ ہوا تھا ، بلکہ وہ اپنی پشاوری چپل کو وزیراعظم ہاؤس میں چھوڑ کر ہی بھاگ گئے تھے، بہتر ہے کہ تم اپنے کاغذات اور سامان لے کر خود نکل پڑو ”” نہیں جی میں ایسا نہیں کرتا، میں آخری دم تک لڑونگا ، تاکہ پاکستان کی تاریخ میں میرا نام رقم ہوسکے ”۔رمیز راجا کی بیگم نے پنجاب کے وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی کو فون کیااور اُن سے رمیز راجا کیلئے مزید کچھ وقت کی درخواست کی۔چیف منسٹر ہاؤس سے یہ جواب ملا کہ بڑی مشکل سے پانچ منٹ کا وقت ملا ہے، وہ فورا”اپنے دفتر سے باہر نکل پڑیں ورنہ زبردستی اُنہیں نکال دیا جائیگا، پی سی بی صوبہ نہیںبلکہ وفاق کا ادارہ ہے ، جہاں اُن کا کوئی اختیار نہیں،ویسے بھی پاکستان کو انگلینڈ سے سیریز میں شکست ہوگئی ہے”
بالآخر پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا کو اپنے دفتر سے باہر نکلنا پڑا جن چیزوں کو وہ چھوڑ کر اپنے دفتر سے نکلے اُن میں اُنکا لنچ باکس جس میں پراٹھا اور شامی کباب تھا ، دوائیں جن میں سونے اور اونگھنے کی بھی شامل تھیں، ایک دوربین ، کرکٹ کا ایک بیٹ ، ایک سفید اور ایک سرخ بال، سر کے بال پر لگانے والا ویسیلین ہیئر ٹانک ، چائے دان اور درجنوں چائے کی پیالیاں شامل تھیں۔ویسے رمیز راجا نے اپنی اشیاء کی جو فہرست پی سی بی کے حوالے کی ہے وہ 22 صفحات پر مشتمل ہے اور اُنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام چیزوں کی قیمت کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے، کیونکہ اُن میں بعض چیزیں نوادرات میں شامل ہیں جنہیں اُنکے دادا نے بطور تحفہ دی تھیں،رمیز راجا نے کہا ہے کہ پی سی بی کے حکام اگر اُن کی ساری چیزیں واپس نہیں کرتے یا اُن میں سے کچھ چیزوں کو ہضم کر لیتے ہیں تو وہ ہرجانہ کا مقدمہ دائر کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
رمیز راجا نے متعدد ٹی وی کے چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ الزام لگایا کہ نجم سیٹھی کو کرکٹ کابلا پکڑنے بھی نہیں آتا ، اور وہ صرف گلی ڈنڈا کھیلا کرتے تھے، اُنہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کا چیئرمین بنانے کیلئے اُس ادارے کے آئین کو ترمیم کیا گیا ہے ، جو ایک شرمناک واقعہ ہے اور اِس سے پاکستان کا وقار بھی متاثر ہوا ہے، پاکستان کے میڈیا میں نجم سیٹھی اور رمیز راجا کے دوران پی سی بی ملازمت کے اخراجات کا بڑے زور و شور سے موازنا کیا جارہا ہے.اُن تجزیوں میں یہ کہا جارہا ہے کہ نجم سیٹھی نے اپنے دوران ملازمت پاکستان کی حکومت کا 4 کروڑ 5 لاکھ روپے ہڑپ کردیا تھا، وہ ہوا اور پانی دونوں کی بِلز پی سی بی کو بھیج دیتے تھے، گھر کی سبزیاں بھی پی سی بی کے پیسے سے خریدی جاتی تھیں، حتی کہ ڈاگ فُڈ کا اخراجات بھی پی سی بی برداشت کرتا تھاجبکہ رمیز راجا کے اخرجات صرف لاکھوں میں یعنی کُل 56 لاکھ روپے تھے۔ نجم سیٹھی کے بعض اخراجات یقینا پیشانی پر سلوٹیں پڑ جانے کا باعث ہیں ، مثلا”نجم سیٹھی نے سیکورٹی اور سٹاف کے اخراجات پر 17 لاکھ روپے خرچ کئے تھے جبکہ رمیز راجا نے صرف 4 لاکھ روپے خرچ کیے، نجم سیٹھی کے ترجمان نے اِس ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رمیز راجا گلی کا بانگرو ہے جس کا کوئی پس منظر نہیںجبکہ نجم سیٹھی متعدد اخبارات کے پبلشراور ایک سیاسی شخصیت ہیں جن کی جان کوانتہا پسندوں سے ہمیشہ خطرہ لاحق ہوتا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ رمیز راجا ویسے بھی اپنے آپ کو مہاجر ہونے کا دعویٰ کرتے اور مہاجر بنیاؤں کے نقش قدم پر چلنے کے عادی ہیں، وہ پیسے کو دانتوں سے پکڑے رہتے ہیں۔
تاہم 74 سالہ نجم سیٹھی کا ابتداء عشق چند ساعت بعد ہی اپنے اختتام کو پہنچ گیا اور پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ سے شکست کھانے سے بال بال بچ گئی. آخر پاکستان کی ٹیم کیلئے کون سا علاج بہتر ثابت ہوسکتا ہے اِسکا تخمینہ کرنا دشوار معلوم ہوتا ہے، تاوقت دنیا کی ہر ٹیم پاکستان کو ہرانے کیلئے تیار ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here