پچھلے ہفتہ ہیوسٹن کی آرگنائزیشن پاکستان ہیری ٹیج فائونڈیشن کے زیراہتمام ایک ایسا پروگرام ہوا جس کو دیکھ کر اور جس طرح کی معلومات حاصل ہوئیں اس سے وہاں موجود لوگوں کے دلوں میں اس شخص کے لئے بہت ہی عزت اور دعائوں کے لیے ہاتھ اُٹھ گئے، ایک غیر مسلم نے جس طرح پاکستان میں ان بچوں کے لیے جو پیدائشی طور پر گونگے اور بہرے ہیں انکو اس قابل بنا دیا کہ وہ آج اپنی زندگی کو بہتر طور پر گزارسکیں ۔ ہمارے ملک میں تقریباً ایک ملین بچے ایسے ہیں جو گونگے اور بہرے ہیں اور صرف5%ایسے ہیں جو تعلیم حاصل کر رہے ہیں نہ ہی ہماری کسی تنظیم نے یہ بیڑہ اٹھایا کہ ان بچوں کے لیے اسکول قائم کئے جاتے لیکن اس جوڑے نے اس وقت پاکستان میں رچرڈ اور ھیڈی گیری 1990سے رہ رہے ہیں۔ اور پاکستان کے بہرے بچوں کی بہت سے طریقوں سے خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک چھوٹے سے انداز سے اپنا اسکول نیٹ ورک شروع کیا تھا ابتدائی طور پر اپنے ہی مرنے والے بیٹے اور چند دیگر بہرے بچوں کی تعلیم اور ترقی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سالوں کے دوران انہوں نے کوششیں کرکے پاکستان میں8سکول قائم کردیئے ہیں جو پرائمری کی سطح سے کالج کی سطح تک کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ہیریٹیج فائونڈیشن نے یہ تقریب ہیوسٹن کے ہر دلعزیز قونصل جنرل جناب ابرار ہاشمی جن کو اللہ تعالیٰ نے بڑی عزت سے نوازا ہے اور ہر شخص ان کے اعزاز میں تقریب کرنا چاہتا ہے ان کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا اور اس کے ساتھ رچرڈ گیری اور ان کی بیگم جو ڈیف ریچ اسکول نیٹ ورک کے بانی ہیں ان کی خدمات پر یہ استقبالیہ دیا گیا۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔ پی ایچ ایف نے پاکستان میں آر او پلانٹس لگا کر پاکستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور کچھ سرکاری اور غیر سرکاری اور غیر منافع بخش اور وسائل سے پھیلے ہوئے سکولوں کی طبی حالت کو بہتر بنانے میں نیا فرنیچر فراہم کرکے سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ جب پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور اس پر سفید لباس میں ملبوس بچے اور بچیوں نے اشاروں کی زبان میں جس طرح پرفارم کیا۔ اس نے وہاں موجود لوگوں کے دلوں میں اور آنکھوں کو آبدیدہ کردیا جس طرح بچوں نے فائونڈیشن کے چیئرمین سلمان رزاقی کا استقبال کراچی کے اسکول میں کیا وہ منظر بھی دیکھتے سے تعلق رکھتا تھا۔ گزشتہ45سالوں سے یہ جوڑا بہرے بچوں کے لیے ایشیا میں کام کر رہے ہیں۔ یہ صرف بچوں کو تعلیم ہی نہیں دے رہے بلکہ انکو مختلف ہنر مثلاً کھانا پکانے کے فنون، کڑھائی سلائی آئی ٹی اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی وغیرہ کی تربیت بھی دیتے ہیں جس میدان کے روزگار ملتے ہیں ان خدمات کی وجہ سے حکومت پاکستان نے انکو ”ستارہ خدمت” سے بھی نوازا گیا اور بھی بہت ایوارڈ انکو ان کی خدمات پر دیئے گئے۔ یونائیٹڈیشن کی طرف سے انکو اسپیشل اسٹیٹس دیا گیا ہے۔ یہ اب مستقل پاکستان میں مقیم ہیں۔ اپنی تقریر کے دوران جب وہ پاکستان کے بارے میں بتا رہے تھے اور کچھ اردو میں بھی بات کر رہے تھے اور پاکستان کو باوجود نامساعد حالات کے ایک بہترین ملک قرار دیا۔ یہ پروگرام تھا تو کچھ اور لیکن رچرڈ اور ھیڈی گیری کے آنے سے چار چاند لگ گئے ہماری دوسری تنظیموں کو بھی چاہئے کہ وہ ایسے لوگوں کو پاکستان سے بلائیں جنکی خدمات خدمت خلق کے لیے نمایاں ہوں۔ پی ایچ ایف مبارکباد کی مستحق ہے جس نے ہیوسٹن کمیونٹی کو ایک زبردست آگاہی دی ایسے لوگوں کی مدد کرنا ضروری ہے جس سے ہمارے ان بچوں کے مالی حالات ٹھیک ہوسکیں اور وہ تعلیم اور ہنر حاصل کرکے پاکستان میں اپنا مقام بنا سکیں۔
٭٭٭٭