”نیویارک میئر کی ماہ رمضان پر بریفنگ”

0
43
مجیب ایس لودھی

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے ماہ رمضان کی آمدکے سلسلے میں مسلم میڈیا کو اپنے سٹی ہال کے آفس میں مدعو کیااور اس موقع پر ان کے ساتھ مسلم کمشنرز بھی موجود تھے ،میئر ایرک ایڈمز نے تقریب کے دوران مسلم میڈیا اور کمیونٹی کے مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی پوری یقین دہانی کرائی،میں نے میئر ایرک ایڈمز کی رمضان کے دوران تراویح کے موقع پر پارکنگ کے مسئلے کی طرف توجہ مبذول کرائی جس پر میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ بالکل ہم نمازیوں کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے پارکنگ کی وسیع جگہ کا انتظام کریں گے ،انھوں نے اپنے ساتھ موجود پولیس چیف کو پارکنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے مختلف آپشن پر غورکرنے کی ہدایات جاری کیں،جبکہ اس موقع پر رمضان کے دوران روزے رکھنے والے مسلم طلبا کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ اکثر اوقات شام کی کلاسز لینے والے مسلم طلبا کو افطاری کے اوقات میں چھٹی یا کھانا نہیں مل پاتا ہے ، میئر ایرک ایڈمز نے کمشنر کو ہدایات جاری کیں کہ سکول پرنسپلز اور انتظامیہ کو باور کرایا جائے کہ رمضان المبارک کے دوران مسلم طلبا کی افطاری کے موقع پر ان کو حلال کھانا فراہم کیا جائے ، میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ میں خود بھی فاسٹنگ کو بہت پسند کرتا ہوں ، تقریب میں پاکستان سمیت مختلف قومیت کے مسلم صحافیوں نے شرکت کی اور میئر ایرک ایڈمز کی کارکردگی کو سراہاکہ جس طرح وہ معاشرے کی مختلف کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ،اس طرح کی مثال پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی ہے ۔ میئر ایرک ایڈمز نے اپنی اختتامی بریفنگ کے دوران بتایا کہ نیویارک میں دیگر مذاہب کی کمیونٹیز کی طرح مسلم کمیونٹی بھی ہمیں اسی طرح مقدم ہے ، ان کے مسائل کو ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔
”پاکستان میں آگ ہی آگ”

ملک پاکستان میں اس وقت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے لیے کیے جانے والے آپریشنز کے دوران ہر طرف آگ ہی آگ دکھائی دے رہی ہے ،اسلام آباد اور لاہورپولیس کی بھاری نفری آج وارنٹ گرفتاری لے کر زمان پارک پہنچی تو پولیس اور کارکنوں میں تصادم شرو ع ہو گیا ، لاہور میں تو حالات بہت زیادہ خراب ہیں جہاں پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کو چاروں اطراف سے گھیر رکھا ہے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد پولیس کے ساتھ تصادم میں مصروف ہے ، ہر طرف آنسو گیس کی شیلنگ کے دھواں، واٹر کینن کی بوچھاڑ دکھائی دیتی ہے، کارکنوں نے جگہ جگہ سڑکوں کو آگ جلا کر بند کر رکھا ہے ، مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، اور دیگر اہم شاہراہیں اس وقت میدان جنگ کا منظر پیش کر رہی ہیں۔عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے ، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور ، اور دیگر شہروں میں نوجوانوں کی ٹولیوں نے ٹریفک جام کر دی، جس سے مسافر کئی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے لیکن پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ سے مظاہرین کو منتشر کر دیا ہے ،لاہور میں صورتحال اب بھی کشیدہ ہے ۔ کارکنوں سے تصادم کے نتیجے میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جن کو ہسپتا ل لے جایا گیا جبکہ درجنوں کارکنوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن کو ریسکیو نے بروقت امدادی سروس فراہم کی ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق 34 اہلکاروں سمیت 33 کارکنوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ دوسری طرف عمران خان نے گرفتاری دینے کی بجائے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مزید تعداد کو زمان پارک بلا لیا ہے ، جبکہ گرفتاری کو روکنے کے لیے عمران خان نے اٹھارہ مارچ کو عدالت میں پیش ہونیکی شورٹی انڈرٹیکنگ لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کے حوالے کر دی ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بچتا ہے ۔اسلام آباد کی سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو گرفتار کر کے 18 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے او ر پولیس کا موقف ہے کہ وہ عدالتی احکامات کو پورا کرنے کے لیے اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ،اس وقت ملک کے حکمرانوں اور عوام دونوں کو تدبر سے کام لینے کی ضرورت ہے ، ملک میں انتشار ، انارکی ، بد امنی مزید مسائل کو جنم دے گی جس کو ہر صورت روکنا ہوگا۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here