بن بن کر پھر رہے ہیں ہمارے چارہ گر!!!

0
64
سردار محمد نصراللہ

قارئین اور عزیزان وطن! وطن عزیز قدرتی آفات اور کچھ مشرقی پار پڑوسی بھارتیوں کی کارستانیوں کا نتیجہ ہے کہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، پہلے پہاڑوں نے ڈوبیا اور پھر میرے راوی ، بیاس اور ستلج کی مہربانی یہ کوئی 1952 یا 1953 میری پیدائیش سے پہلے کا واقعہ بزرگ سناتے تھے کہ راوی میں سیلاب آگیا تھا اور پانی جی پی او تک آگیا اور لوگ کشتیوں میں سوار ہو کر اپنے مکانوں اور کاموں پر جاتے اور اس کے بعد ہی بند باندھا گیا جس کو آج بند روڈ کہتے ہیں پھر دیکھتے دیکھتے راوی کی چھلیں کوسوں دور چلی گئیں اور جب راوی کے پل سے گزرتا تو میری آنکھوں میں آنسو زیادہ تھے، راوی جوہڑنظر آتا تھا، اب کی جو قیامت ٹوٹی ہے نہ جانے پاکستانیوں کو کس جرم کی سزا مل رہی ہے، ہر طرف بی بی مریم نواز کی تصویریں ہیں، ڈوبتے انسانوں پر اور ڈنگروں پر تاکہ اہل دانش فرق نہ کر سکیں کہ بہتے ہوئے کون ہیں، پہلے ہمارے فوجی بھائی قدرتی آفات میں اپنی کشتیاں اور سازو سامان کے ساتھ انسانی خدمت میں نکل آتے تھے ،آج میں دیکھ رہا ہوں کہ ہمارے فوجی بھائی مریم صفدر کے پوسٹر لگا رہے ہیں اب یہ ایکسٹینشن کے واسطے ہو رہا ہے یا اگلی سیڑھی چڑھنے کی تیاری ہے ویسے تو کئی وی لاگرز فیلڈ مارشل صاحب کے کانٹ ڈان گنانے میں مصروف ہیں جبکہ ان سب کو پتا ہونا چاہئے کہ فیلڈ مارشل کو کسی کے ترلے منتیں کرنے کی ضرورت تو نہیں ہے، وہ جب چاہیں چھلانگ لگا کر صدر مملکت کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں ۔مریم ہو یا شہباز ہو ،سب ضیائی مہروں کی طرح ہیں جس طرح نواز شریف خواجہ صفدر چوہدری ظہور الٰہی وغیرہ وغیرہ۔ قارئین اور عزیزان وطن! سیلاب کے تیز بہائو کی طرح ہمارا ڈیفنس منسٹر خواجہ آصف صاحب بھی بھپرے ہوئے ہیں اور بڑے بڑے بیانات جھاڑ رہے ہیں تقریبا 45 سالوں سے موصوف حکومت کا حصہ رہے ہیں خواہ وہ فوجی ہو یا فارم 47 1970 کے بعد جتنے بھی الیکشن ہوئے سب فارم 47 کی طرز پر ہوئے اور یہ خواجہ اس کا حصہ تھا آج اس کو ڈیم بھی یاد آ رہے ہیں آبی راستوں پر بنے ہاسنگ سوسائٹی کی تعمیر نظر آتی ہے ہوٹل نظر آتے ہیں مسٹر خواجہ ہمارے فیلڈ مارشل اور جرنیلی صدر کالا باغ ڈیم نہیں بنا سکے جو قوم کی اشد ضرورت ہے آپ کو اب یاد آ رہا ہے یارا خدا کے واسطے یہ چارہ گری نہ دکھا قوم کو بقول جالب !
بن بن کر پھر رہے ہیں ہمارے وہ چارہ گر
جن کا ہم اہل درد سے ناطہ نہیں کوئی
خواجہ صاحب اگر مظلوموں کے ساتھ چارہ گری دکھانی ہے تو سب سے پہلے نواز شریف شہباز شریف اور مریم صفدر ان سب کے بیچاری قوم پر روا ظلم کو روکو تو پھر ہم جانیں کے خواجہ صفدر کا بیٹا قوم کا چارہ گر ہے ۔ قارئین اور عزیزان وطن! آئیے اپنے رب جلیل سے رحم مانگیں کہ اے میرے اللہ ہم پاکستانیوں سے کیا جرم ہو گیا ہے کہ ایک طرف ہم پر بونے چور لٹیرے حکمران مسلط ہیں جو اتنے پست قد ہیں کہ اپنے آپ کو تیری زمین پر خدا بنے بیٹھے ہیں اور اوپر سے ہم پر سیلابوں کے ریلے بہا دیے ہیں خاص طور پر ہمارے پنجاب کی حکمران اتنی تنگ نظر اور پست ہے کہ بہتی ہوئی لاشوں کی پروا نہیں ہے اس کو صرف اپنی تصویروں سے غرض ہے بہتے پانی پر بھی اس کی تصویر بہتی نظر آے یہی معیار اس کے باپ نواز شریف کا بھی تھا آج سالوں کے بعد ان کو ڈیم یاد آ رہے ہیں خدا را ہم کو معاف کر دے اور ہمت عطا کردے کہ ہم ان منحوس حکمرانوں سے نجات حاصل کر لیں پوری قوم نے چین میں ہونے والی SCO Summit میں شہباز کی بند ر چھلانگ لگاتے دیکھا کہ کس طرح اس نے روس کے صدر مسٹر پوٹن سے ہاتھ ملایا جس کی کوئی ضرورت نہیں تھی SCO جہاں چین کے عروج کی ابتدا ہے جس نے 26 حکمرانوں کی نمائش دکھا کر ایک طرف امریکہ کے ہوش اڑا دیے ہیں اور دوسری طرف دنیائے سیاست میں ہلچل برپا کر دی ہے اور بتا دیا ہے کہ قومیں کس طرح بنتی ہیں اللہ ہمیں بھی صلاحیت بخش دے کہ ہم بھی ایک قوم بن جائیں پاکستان زندہ باد ۔
٭٭٭

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here