اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینئر فیض نقشبندی اورسید عبداللہ گیلانی نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیریوں کے جذبات کی موثر انداز سے ترجمانی کی۔ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، وزیراعظم نے دنیا کو مودی اور آر ایس ایس کے نازی فلسفے سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کا سفیر ہونے کے اپنے وعدے کا حق ادا کر دیا اور جنرل اسمبلی سے ان کے خطاب نے حق خود ارادیت کے حصول کی پرامن جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔
آزاد کشمیرکی سیاسی قیادت اور حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو مسئلہ کشمیر کے حو الے سے بے مثال سفارتکاری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی ضمیر کو بھرپور انداز میں جھنجوڑا۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ عمران خان کا خطاب پاکستانی قوم کے جذبات کاعکاس ہے،کشمیریوں کیلیے سفارتکاری کا حق ادا کردیا،عمران خان کا خطاب تقاضا کرتا ہے کہ ایئرپورٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے ان کا استقبال کریں، سیاسی جماعتیں عمران کو وہی مقام دیں جو انھیں اقوام متحدہ کے اجلاس میں ملا۔