نئی دہلی:
پاکستان سے سیریز کے معاملے میں بھارت’’میں نہ مانوں‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے۔
پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران نے گزشتہ دنوں میڈیا سے بات چیت میں یہ اشارہ دیا تھا کہ گرین شرٹس بھارتی ٹیم سے سوائے اس کی سرزمین کے کہیں بھی کھیل سکتے ہیں، دوسری جانب پڑوسی ملک کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں وزیر کھیل کیرن ریجیجو نے کہا کہ بھارت کا اعتماد پانے کیلیے پاکستان کو بہت کچھ کرنا ہو گا،فی الحال دونوں ممالک کی باہمی کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے، موجودہ حالات میں تو ایک میچ کا انعقاد بھی ناممکن لگتا ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو مثبت اقدامات کرنے ہوں گے۔ اسی صورت میں دونوں ممالک کے تعلقات نارمل ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان سے آئی سی سی و دیگر ٹورنامنٹس میں مقابلہ کرتی ہے مگر باہمی سیریز کا سلسلہ کئی برسوں سے تعطل کا شکار ہے، رواں برس انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈکپ سے قبل بھارت کی جانب سے ایسے اشارے دیے گئے جیسے ٹیم گرین شرٹس سے مقابلے کا بائیکاٹ کر دے گی مگر یہ سب باتیں گیڈر بھبکیاں ثابت ہوئیں اور میچ کا شیڈول کے مطابق انعقاد ہوا، آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے دوران بھی روایتی حریف ٹیموں میں مقابلے کا امکان روشن ہے۔
دریں اثنا پاکستان میں کرکٹ کی واپسی بھارتیوں کو ہضم نہیں ہو رہی،گذشتہ روز سوشل میڈیا پرمتعصب سابق کرکٹر گوتم گھمبیر نے سری لنکن ٹیم کی سخت سیکیورٹی پر طنزکیا،اس پر انھیں پاکستانیوں کی جانب سے کرارے جواب دیے گئے۔
شیئر