عمر اکمل اور احمد شہزاد کی سوئی قسمت جاگ اٹھی

0
206

کراچی:

عمر اکمل اور احمد شہزاد کی سوئی قسمت جاگ اٹھی، دونوں کو سری لنکا سے ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا جب کہ سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم فہیم اشرف کے ساتھ محمد حسنین بھی مختصر طرز کے اسکواڈ میں برقرار رہے۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے  سری لنکا سے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے منتخب16 کرکٹرز کا اعلان کر دیا، ون ڈے اسکواڈ میں شامل محمد رضوان،عابد علی اور امام الحق باہر ہو گئے، امام ہاتھ کی انجری کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے تیسرے ون ڈے میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے، عابد نے تیسرے میچ میں شرکت کی جبکہ رضوان باہر ہی بیٹھے رہے۔

فہیم اشرف کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، انھوں نے گذشتہ دنوں انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں نارتھمپٹن شائر کیلیے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ اورمحمد حسنین پاکستان کے انگلینڈ سے واحد ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم میں بھی شامل تھے،فاسٹ بولر حسن علی  نے کمر کی انجری سے نجات کے بعد دوبارہ بولنگ شروع نہیں کی ہے۔

 

اسکواڈ میں واپس آنے والے احمد شہزاد نے آخری ٹی ٹوئنٹی جون 2018میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلا تھا، اس کے بعد وہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے سبب پابندی کی زد میں آگئے، اسی طرح ستمبر 2016کے بعد عمر اکمل کی واپسی ہوئی،  وہ سابق کوچ مکی آرتھر کے ساتھ تنازع کا شکار ہوئے جس پر تین میچز کی پابندی لگی اور 10لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد ہوا۔

افتخار احمد نے واحد ٹی ٹوئنٹی 2016میں سری لنکا کیخلاف کھیلا جس میں انھیں بیٹنگ نہ ہی بولنگ کا موقع ملا تھا، محمد نواز بھی ایک برس بعد مختصر طرز کا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع پائیں گے،اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان) بابر اعظم (نائب کپتان) احمد شہزاد، عمر اکمل، فہیم اشرف، آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین، حارث سہیل،افتخار احمد، عماد وسیم، محمد نواز، محمد عامر، شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here